اوتھل ،ٹریفک حادثے میں خواتین سمیت 17 افراد زخمی

اتوار 22 جون 2025 17:55

اوتھل (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جون2025ء) اوتھل کے نواحی علاقے زیرو پوائنٹ پر پیش آنے والے ٹریفک حادثے میں خواتین سمیت 17 افراد زخمی ہو گئے۔ حادثہ مسافر کوچ اور منی ویگن کے درمیان تیز رفتاری کے باعث پیش آیا۔تفصیلات کے مطابق آزاد دشت کوچ جو کراچی سے تربت جا رہی تھی، ایک منی ویگن سے ٹکرا گئی جس میں سوار لوگ کراچی سے بیلہ پکنک کیلئے جا رہے تھے۔

تصادم اس قدر شدید تھا کہ دونوں گاڑیوں کو شدید نقصان پہنچا جبکہ متعدد افراد زخمی ہوئے۔

(جاری ہے)

حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں، زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال اوتھل منتقل کیا گیا، جہاں سے شدید زخمیوں کو مزید علاج کے لیے کراچی ریفر کر دیا گیا۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق زخمیوں کا تعلق گوادر، اورماڑہ اور کراچی سے ہے۔ ابتدائی تحقیقات میں حادثے کی وجہ تیز رفتاری اور غفلت قرار دی جا رہی ہے۔عوامی حلقوں نے زیرو پوائنٹ جیسے اہم مقام پر ٹریفک کنٹرول کے مؤثر اقدامات، کیمروں کی تنصیب اور رفتار کی نگرانی سخت کرنے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ مستقبل میں ایسے سانحات سے بچا جا سکے۔