Live Updates

شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی آئین، جمہوریت اور غریب عوام کیلئے خدمات تاقیامت یاد رکھی جائیں گی، ملک عامر فدا پراچہ

اتوار 22 جون 2025 19:40

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جون2025ء) پاکستان بیت المال کے سابق ایم ڈی ملک عامر فدا پراچہ نے کہا ہے کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی آئین، جمہوریت اور غریب عوام کیلئے خدمات تاقیامت یاد رکھی جائیں گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈھیری حسن آباد میں محترمہ بینظیر بھٹو شہید کی سالگرہ کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

تقریب کی میزبانی پیپلز پارٹی کینٹ کے رہنما ماجد ملک نے کی جس میں پارٹی کارکنان، مقامی رہنماؤں اور خواتین کی نمائندہ جماعت نے عنصر بشیر کی قیادت میں بھرپور شرکت کی۔ تقریب میں شریک افراد نے محترمہ بینظیر بھٹو کی شخصیت، فلسفے، جدوجہد اور عظیم قربانیوں کو شاندار الفاظ میں خراجِ عقیدت پیش کیا۔ ملک عامر فدا پراچہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ شہیدبینظیر بھٹو کی قربانیاں پاکستان کی سیاسی تاریخ میں سنہری حروف سے لکھی جائیں گی، پیپلز پارٹی آج بھی شہید قائد کے مشن پر گامزن ہے اور عوامی حقوق کی جنگ جاری رکھے ہوئے ہے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر شرکاء نے عہد کیا کہ وہ شہید محترمہ بینظیر بھٹوکے مشن کو جاری رکھتے ہوئے پاکستان کو ترقی یافتہ، خوشحال اور جمہوری ملک بنانے کیلئے ہر ممکن قربانی دیں گے۔ تقریب کا اختتام شہیدبی بی کی سالگرہ کا کیک کاٹنے اور ان کی روح کے ایصال ثواب کیلئے دعا کے ساتھ کیا گیا۔
Live ایران اسرائیل کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات