ایران نے اسرائیل کی خفیہ تنظیم ’موساد‘ سے وابستہ سائبر ٹیم کے سربراہ کو پھانسی دیدی

محمد امین شایستہ کو 2023 کے آخر میں گرفتار کیا گیا تھا اور ان پر اسرائیل کیلئے سائبر جاسوسی کا الزام تھا، شایستہ نے موساد کیلئے حساس معلومات حاصل کرنے کی کوشش کی تھی، نیم سرکاری خبر رساں ادارے تسنیم

Faisal Alvi فیصل علوی پیر 23 جون 2025 12:21

ایران نے اسرائیل کی خفیہ تنظیم ’موساد‘ سے وابستہ سائبر ٹیم کے سربراہ ..
تہران(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔23جون 2025)ایران نے اسرائیل کی خفیہ تنظیم ’موساد‘ سے وابستہ سائبر ٹیم کے سربراہ کو پھانسی دیدی، محمدامین شایستہ کو 2023 کے آخر میں گرفتار کیا گیا تھا اور ان پر اسرائیل کیلئے سائبر جاسوسی کا الزام تھا،نیم سرکاری خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق محمد امین کو موساد سے وابستہ ایک سائبر ٹیم کا سربراہ قرار دیا گیا تھا،ایرانی عدلیہ کے مطابق شایستہ نے موساد کیلئے حساس معلومات حاصل کرنے کی کوشش کی تھی جس کے جرم میں مکمل فوجداری کارروائی اور سپریم کورٹ سے توثیق کے بعد سزائے موت پر عمل درآمد کیا گیا۔

13 جون کو اسرائیلی حملوں کے آغاز کے بعد ایرانی حکام کم از کم 3 افراد کو اسرائیل کیلئے جاسوسی کے جرم میں پھانسی دے چکے ہیں۔ ایران نے گزشتہ روز جوہری تنصیبات پر امریکی حملے کے بعد بھی موساد کے ایک ایجنٹ کو پھانسی دی تھی۔

(جاری ہے)

اس سے قبل بھی ایران، موساد سے وابستہ جاسوسوں اور تخریب کاروں کے خلاف سخت کارروائیاں کرتا آیا ہے جنہیں ایرانی سیکیورٹی ادارے ملکی سلامتی کیلئے خطرہ قرار دیتے ہیں۔

ایرانی عدلیہ سے وابستہ خبر رساں ادارے میزان نے اتوار کو اطلاع دی تھی کہ مجید موسیبی نامی شخص کو اسرائیل کیلئے جاسوسی کرنے اور اس کی انٹیلی جنس ایجنسی موساد کو حساس معلومات فراہم کرنے کی کوشش کے الزام میں آج صبح پھانسی دے دی گئی۔میزان کے مطابق مکمل فوجداری کارروائی اور سپریم کورٹ کی توثیق کے بعد مجید موسیبی کی سزا پر عملدرآمد کیا گیا۔

میزان کی رپورٹ میں یہ واضح نہیں کیا گیا کہ مجید موسیبی کو کب گرفتار کیا گیا تھا۔خیال رہے رہے کہ ایران نے گزشتہ ہفتے بھی موساد کیلئے جاسوسی کرنے والے شخص کو پھانسی دے دی تھی۔خبر رساں ادارے اے ایف پی نے 16 جون کو رپورٹ کیا تھا کہ ایران کی عدلیہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ 2023 سے گرفتار ایک شخص کو پھانسی دے دی گئی تھی۔ مذکورہ شخص اسرائیلی خفیہ ایجنسی موساد کا ایجنٹ ہونے کے جرم میں سزا یافتہ تھا۔

عدلیہ کی سرکاری ویب سائٹ میزان آن لائن کا کہنا تھا کہ موساد کے ایجنٹ اسمٰعیل فکری کو زمین پر فساد پھیلانے اور ’محاربہ‘ (خدا کے خلاف جنگ) جیسے سنگین جرائم میں سزا سنائی گئی تھی۔چند روز قبل ایرانی حکام نے اسرائیل کی خفیہ ایجنسی موساد کیلئے جاسوسی کے الزام میں مزید پانچ افراد کو گرفتار کر لیا تھا۔یہ گرفتاریاں اسلامی انقلابی گارڈ کور کے انٹیلی جنس یونٹ نے مغربی ایران کے صوبہ لرستان میں کی تھیں۔ مشتبہ افراد نے مبینہ طور پر خرم آباد، بروجرد اور دورود کے شہروں میں موساد کی ہدایت پر کارروائیاں کرنے کی کوشش کی تھی۔ایرانی حکام کا دعویٰ تھا کہ یہ گرفتاریاں ملک کے اندر غیر ملکی انٹیلی جنس کارروائیوں کے خلاف ایک تیز مہم کا حصہ تھیں۔