فردو ایٹمی پلانٹ کو زیر زمین پہنچنے والے نقصانات کا اندازہ لگانا فی الحال ناممکن ہے، سربراہ آئی اے ای اے

امریکی حملے کے بعد ایران کی فردوجوہری سائٹ پر بڑے بڑے گڑھے دیکھے گئے ہیں، امن کو راستہ نہ دیا گیا تو تباہی وبربادی ہوگی، ہم ایک بارپھر تحمل کا مطالبہ کرتے ہیں،رافیل گروسی کا سلامتی کونسل کے اجلاس سے خطاب

Faisal Alvi فیصل علوی پیر 23 جون 2025 12:42

فردو ایٹمی پلانٹ کو زیر زمین پہنچنے والے نقصانات کا اندازہ لگانا فی ..
نیویارک(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔23جون 2025)سربراہ آئی اے ای اے رافیل گروسی کا کہنا ہے کہ فردو ایٹمی پلانٹ کو زیر زمین پہنچنے والے نقصانات کا اندازہ لگانا فی الحال ناممکن ہے، امریکی حملے کے بعد ایران کی فردوجوہری سائٹ پر بڑے بڑے گڑھے دیکھے گئے ہیں،سلامتی کونسل کے اجلاس سے خطاب میں عالمی ایٹمی توانائی ایجنسی کے سربراہ رافیل گروسی نے نطنزکے مقام پر نیوکلیئرپلانٹ کونشانہ بنایا گیا، ایران نے بتایا ہے تینوں مقامات پر تابکاری کی سطح میں کوئی اضافہ نہیں ہوا ہم صورتحال کی مسلسل نگرانی کر رہے ہیں۔

عالمی ایٹمی توانائی ایجنسی کے سربراہ رافیل گروسی نے بتایا کہ امریکی حملے میں اصفہان نیوکلیئرکمپلیکس کی سرنگ کے داخلی راستوں کونشانہ بنایاگیا، ان سرنگوں کو افزودہ مواد کے اسٹوریج کیلئے استعمال کیا جاتا تھا۔

(جاری ہے)

رافیل گروسی نے کہا کہ امن کو راستہ نہ دیا گیا تو تباہی وبربادی ہوگی، ہم ایک بارپھر تحمل کا مطالبہ کرتے ہیں۔ فوجی کشیدگی جانوں کو خطرے میں ڈالتی ہے اور اس طویل مدتی سفارتی حل میں تاخیر کا سبب بنتی ہے۔

سربراہ آئی اے ای اے کے سربراہ کا کہنا تھا کہ امریکی حملوں میں نطنز میں فیول افزودگی پلانٹ کو دوبارہ نشانہ بنایا گیا جب کہ حملے کے بعد ایران کی فردوجوہری سائٹ پر بڑے بڑے گڑھے دیکھے گئے ہیں۔سربراہ آئی اے ای اے نے کہا کہ اپنے نمائندے ایران بھیجنے کیلیے تیار ہیں جواس بات کی ضمانت دے کہ ایران جوہری ہتھیار حاصل نہیں کرے گا۔یاد رہے کہ اس سے قبل ایرانی حکام نے فردو سمیت 3 جوہری تنصیبات پر حملے کی تصدیق کی تھی۔

ایرانی ایٹمی توانائی سربراہ کا کہنا تھا کہ حملہ بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی ہے، ایران اپنی قومی صنعت کی ترقی روکنے کی اجازت نہیں دے گا۔ایرانی میڈیا کے مطابق تینوں جوہری مقامات کو کچھ دن قبل خالی کرایا گیا تھا، ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ کوئی بڑا دھچکا نہیں لگا کیونکہ مواد پہلے ہی نکال لیا گیا تھا۔ایرانی پاسداران انقلاب کے مطابق اب ہمارے لئے جنگ شروع ہو چکی تھی۔ آپ نے اسے شروع کیا ختم ہم کریں گے،ایران نے امریکی حملے کے باوجود ایٹمی سرگرمیاں جاری رکھنے کا اعلان کیاتھا۔ تہران کی جانب سے جوابی کارروائی کا اعلان کردیا گیاتھا۔