Live Updates

ایرانی وزیرخارجہ کی روسی صدر سے ملاقات، سپریم لیڈر کا خصوصی خط پیوٹن کو پہنچا دیا

ایران کے خلاف جارحیت بے بنیاد ہے، ایرانی عوام کی مدد کرنے کی کوشش کریں گے، یہ ملاقات موجودہ صورتحال سے نکلنے کا موقع فراہم کرے گی؛ روس کے صدر کی گفتگو

Sajid Ali ساجد علی پیر 23 جون 2025 15:39

ایرانی وزیرخارجہ کی روسی صدر سے ملاقات، سپریم لیڈر کا خصوصی خط پیوٹن ..
ماسکو ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 23 جون2025ء ) روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن اور ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کی ملاقات ہوئی ہے جس میں ایرانی وزیرخارجہ نے سپریم لیڈر کا خصوصی خط پیوٹن کو پہنچایا دیا۔ عالمی نیوز ایجنسی رائٹرز کے مطابق ماسکو میں ہونے والی اس ملاقات کے دوران روسی صدر پیوٹن نے کہا کہ ایران کے خلاف جارحیت بے بنیاد ہے، ایرانی عوام کی مدد کی کوشش کریں گے، ایرانی وزیر خارجہ سے ہونے والی یہ ملاقات موجودہ صورتحال سے نکلنے کا موقع فراہم کرے گی۔

بتایا گیا ہے کہ ایران کی 3 جوہری تنصیبات پر امریکی حملے کے بعد سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کی ہدایت پر وزیر خارجہ عباس عراقچی روسی صدر سے ملاقات کے لیے ماسکو پہنچے، ایرانی وزیر خارجہ کے اس دورے کا مقصد روسی صدر ولادیمیر پیوٹن سے امریکہ کی جانب سے ایران کے خلاف کیے جانے والے فوجی حملے کے بعد کی صورتحال سے روسی صدر کو آگاہ کرنا اور ان سے مشاورت کرنا تھا۔

(جاری ہے)

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی جانب سے بتایا جارہا ہے کہ ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن کے پاس آیت اللہ علی خامنہ ای کا خصوصی پیغام لے کر گئے ہیں جس میں انہوں نے روسی صدر سے حمایت کی درخواست کی ہے، اس حوالے سے ایرانی ذرائع کا کہنا ہے کہ ایران ابھی تک روس کی حمایت سے مطمئن نہیں ہے اور وہ پیوٹن سے مزید اقدامات کی توقع رکھتا ہے تاکہ اسرائیل اور امریکہ کے خلاف ایران کا دفاع کیا جا سکے۔

دوسری طرف چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ جنگ کے پھیلاؤ کو ہر صورت روکا جانا چاہیئے اور تمام فریقین کو فوری طور پر سیاسی حل کی جانب واپس آنا چاہیئے، مشرق وسطیٰ بالخصوص خلیجی خطہ اہم بین الاقوامی تجارتی راستوں کا مرکز ہے یہاں جنگ کے بڑھنے سے نا صرف علاقائی امن بلکہ عالمی معیشت بھی شدید متاثر ہو سکتی ہے، اس لیے عالمی برادری موجودہ صورتحال کو مزید خراب ہونے سے روکنے کے لیے فوری اور سنجیدہ اقدامات کرے تاکہ خلیج میں کشیدگی کم کی جا سکے اور دنیا ایک نئے بحران سے محفوظ رہے۔
Live ایران اسرائیل کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات