ہر بچے کو صاف پانی اور صحت مند مستقبل دینا ہماری قومی ذمہ داری ہے، وزیر مملکت برائے صحت کا کانفرنس سے خطاب

پیر 23 جون 2025 17:36

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جون2025ء) وزیر مملکت برائے صحت ڈاکٹر مختار بھرتھ نے کہا ہے کہ ہر بچے کو صاف پانی اور صحت مند مستقبل دینا ہماری قومی ذمہ داری ہے، پاکستان میں پانچ سال سے کم عمر بچوں میں دستوں کی بیماری اب بھی بیماری اور اموات کی بڑی وجہ ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں دستوں کی بیماری سے متعلق کانفرنس سے خطاب کے دوران کیا ۔

کانفرنس کا مقصد دستوں کی بیماریوں کے دیرینہ مسئلے سے نمٹنا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو متعدی بیماریوں سے محفوظ رکھنے کے لئے صحت کا مضبوط نظام تیار کرنا ہے ۔صاف پانی، صفائی اور مساوی علاج تک رسائی ہی دیرپا حل ہے، ہیلتھ سکیورٹی پلان 2024-2028 پر عملدرآمد ناگزیر ہو چکا ہے ۔ڈائریا کا خاتمہ مشترکہ شعبہ جاتی اقدامات سے ہی ممکن ہے، کورونا، ایم پاکس اور ایچ ایم پی وی جیسے خطرات سے نمٹنے کے لیے مؤثر نگرانی ضروری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کانفرنس محض مکالمہ نہیں ،یہ عملی اقدامات کی نئی اپیل ہے، ترقیاتی شراکت دار قومی ترجیحات سے ہم آہنگ ہو کر تعاون کریں۔