Live Updates

جے یو آئی کا مرکزی شوریٰ کا اجلاس 26 جون کو اسلام آباد میں طلب، ایران، اسرائیل جنگ اور امریکی مداخلت پر اہم فیصلے ہونگے

پیر 23 جون 2025 17:46

جیکب آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جون2025ء) جے یو آئی کا مرکزی شوریٰ کا اجلاس 26 جون کو اسلام آباد میں طلب، ایران، اسرائیل جنگ اور امریکی مداخلت پر اہم فیصلے ہونگے۔ تفصیلات کے مطابق جمعیت علماء اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے مشرق وسطیٰ کی سنگین صورتحال، ایران و اسرائیل تنازع اور خطے میں بڑھتی ہوئی امریکی مداخلت کے تناظر میں جے یو آئی کی مرکزی مجلس شوریٰ کا دو روزہ ہنگامی اور اہم اجلاس 26 اور 27 جون کو اسلام آباد میں طلب کر لیا ہے۔

جے یو آئی کے مرکزی سیکریٹری جنرل و رکن قومی اسمبلی مولانا عبدالغفور حیدری نے اجلاس کا باقاعدہ اعلان کیا ہے جب کہ اجلاس کی صدارت سربراہ جے یو آئی مولانا فضل الرحمن کریں گے۔ جے یو آئی کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات محمد اسلم غوری نے ایک بیان میں کہا کہ یہ اجلاس موجودہ ملکی اور علاقائی حالات، خاص طور پر مشرق وسطیٰ میں پیدا ہونے والی جنگی صورتحال کی وجہ سے غیر معمولی اہمیت کا حامل ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اجلاس میں ملکی سلامتی، خارجہ پالیسی، اسلامی دنیا کے اتحاد اور جے یو آئی کے مستقبل کے لائحہ عمل پر بھی اہم فیصلے متوقع ہیں۔ ادھر جے یو آئی سندھ کے پریس سیکریٹری ڈاکٹر اے جی انصاری نے کہا ہے کہ سندھ سے جے یو آئی سندھ کے قائد علامہ راشد محمود سومرو کی قیادت میں وفد اجلاس میں بھرپور شرکت کرے گا اور ایجنڈاز پر اہم تجاویز پیش کرے گا۔
Live ایران اسرائیل کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات