Live Updates

ایرانی پارلیمنٹ کا عالمی جوہری توانائی ایجنسی سے تعاون ختم کرنے کے بل پر غور

پیر 23 جون 2025 20:25

تہران (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جون2025ء)ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر نے کہا ہے کہ مقننہ (پارلیمنٹ) ایک ایسے بل پر غور کر رہی ہے جس کے تحت تہران اور عالمی جوہری توانائی ایجنسی (آئی اے ای ای) کے درمیان تعاون کو معطل کیا جا سکتا ہے، یہ عالمی جوہری ایجنسی کے غیر پیشہ ورانہ رویے کا جواب ہوگا۔پیر کے روز پارلیمنٹ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے محمد باقر قالیباف نے ایران کے جوہری پروگرام کی پٴْرامن نوعیت کا اعادہ کیا۔

انہوں نے سپریم لیڈر کی طرف سے ایٹمی ہتھیاروں کی ممانعت کے بارے میں جاری کردہ فتوے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ایران کا کوئی غیر پٴْرامن سرگرمیوں کا منصوبہ نہیں، لیکن دنیا نے واضح طور پر دیکھا کہ آئی اے ای اے نے اپنے کسی بھی وعدے کا احترام نہیں کیا اور وہ ایک سیاسی آلہ بن چکی ہے۔

(جاری ہے)

محمد باقر قالیباف نے کہا کہ ایرانی پارلیمنٹ ایک ایسے بل پر غور کر رہی ہے جس کے تحت ایران کا آئی اے ای اے کے ساتھ تعاون اس وقت تک معطل کر دیا جائے گا جب تک تہران کو اقوام متحدہ کی جوہری ایجنسی کے پیشہ ورانہ رویے کی قابلِ فہم ضمانتیں نہیں دی جاتیں۔

امریکا کے ایران کے جوہری مقامات پر فوجی حملوں کو ایران کے خلاف براہِ راست امریکی جنگ کے اعلان کے مترادف قرار دیتے ہوئے باقر قالیباف نے کہا کہ اگرچہ ہم امریکی حملے کو اسرائیلی حکومت کی اپنے مقاصد حاصل کرنے میں اسٹریٹجک ناکامی کا نتیجہ سمجھتے ہیں، لیکن ہم اسے برداشت نہیں کریں گے، ہم ضرور ایسا جواب دیں گے جس سے ’جواری‘ ٹرمپ کو ہمارے پیارے ملک پر جارحیت کرنے پر پچھتانا پڑے۔
Live ایران اسرائیل کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات