Live Updates

موسم برسات کے دوران بارشی پانی کے تیز تر اخراج کیلئے کئے گئے اقدامات کا جائزہ لینے کیلئے ایم ڈی واسا کا فیلڈ کا دورہ

پیر 23 جون 2025 23:00

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جون2025ء) موسم برسات کے دوران بارشی پانی کے تیز تر اخراج کیلئے کئے گئے اقدامات کا جائزہ لینے کیلئے مینجنگ ڈائریکٹر واسا سہیل قادر چیمہ فیلڈ میں پہنچ گئے۔انہوں نے پارکنگ یارڈ ویسٹ پر مشینری اور گاڑیوں کو چیک کیا جبکہ چکیرہ ڈسپوزل اسٹیشن کا دورہ کیا اور وہاں پر پرانے اور نئے تعمیر ہونے والے ڈسپوزل اسٹیشن کے پمپس اور ویٹ ویل کا جائزہ لیا۔

ایم ڈی واسا سہیل قادر چیمہ نے ڈسپوزل اسٹیشن کو مکمل کیپسٹی کے ساتھ آپریشنل رکھنے اور بجلی کی بندش کی صورت میں متبادل انرجی کا بندوبست مکمل کرنے کی تاکید بھی کی۔اس موقع پر انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق موسم برسات میں بارشی پانی کی نکاسی کے لئے خصوصی پلان تشکیل دیا گیا ہے اور عوام کو مون سون سیزن کے دوران بارشوں کے پانی کی مختصر وقت میں نکاسی کی سروسز فراہم کریں گے۔

(جاری ہے)

ایم ڈی واسا نے مزید کہا کہ پنجاب حکومت کی ہدایت پر خصوصی اقدامات کئے جارہے ہیں جس کے مثبت نتائج سامنے آئیں گے۔ ایم ڈی واسا نے واضح کیا کہ آپریشنز افسران اور سٹاف مکمل متحرک اور مستعد ہے جبکہ تمام گاڑیاں اور مشینری آپریشنل کر دی گئی ہے اور بارش کے پانی کی نکاسی کے لئے آپریشنز سٹاف فیلڈ میں کام کرتا نظر آئے گا۔انہوں نے یقین دلایا کہ واسا مون سون کے چیلنجز سے نمٹنے کے لئے پوری طرح تیار ہے اور عوام کو بہترین سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
Live مون سون بارشیں سے متعلق تازہ ترین معلومات