چیئرپرسن چائلڈ پروٹیکشن بیورو سارہ احمد نے ہارورڈ یونیورسٹی سے پروفیشنل ٹریننگ مکمل کرلی

منگل 24 جون 2025 00:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جون2025ء) چائلڈ پروٹیکشن بیورو پنجاب کی چیئرپرسن اور ممبر صوبائی اسمبلی سارہ احمد نے دنیا کی ممتاز درسگاہ ہارورڈ یونیورسٹی میں چائلڈ پروٹیکشن کے موضوع پر پروفیشنل ٹریننگ مکمل کرلی ۔ اس تربیتی پروگرام کے لیے سارہ احمد کو خصوصی طور پر منتخب کیا گیا تھا، جو پاکستان کے لیے ایک قابلِ فخر اعزاز ہے۔

اس موقع پر چیئرپرسن سارہ احمد نے کہا کہ ہارورڈ یونیورسٹی جیسے ادارے سے چائلڈ پروٹیکشن کی پروفیشنل ٹریننگ حاصل کرنا ایک اعزاز ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ٹریننگ کے دوران انہیں یونیورسٹی کے معروف پروفیسروں سے سیکھنے کا موقع ملا، جبکہ پروگرام میں نظریاتی تعلیم، عملی سرگرمیوں اور کیس اسٹڈیز پر خصوصی توجہ دی گئی۔سارہ احمد نے بتایا کہ وہ پاکستان کی واحد نمائندہ تھیں، جبکہ اٹلی، برازیل، سری لنکا اور دیگر ممالک کے ماہرین نے بھی اس ٹریننگ میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

انہوں نے "جنسی استحصال، بدسلوکی اور ہراسانی" کے موضوع پر ایک جامع پریزینٹیشن پیش کی، جسے بین الاقوامی سطح پر خوب سراہا گیا۔ اس پریزینٹیشن میں پاکستان کی جانب سے بچوں کے تحفظ اور استحصال سے بچا وکے لیے کی جانے والی کوششوں اور مستقبل کے لائحہ عمل کو اجاگر کیا گیا۔چیئرپرسن سارہ احمد نے وزیراعلی پنجاب کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی مسلسل حمایت اور اعتماد کے بغیر یہ کامیابی ممکن نہ تھی۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ یہ تربیت چائلڈ پروٹیکشن کے شعبے میں مزید موثر اور فعال کردار ادا کرنے میں مددگار ثابت ہوگی۔انہوں نے مزید کہا کہ بچوں کا تحفظ ہم سب کی اجتماعی ذمہ داری ہے، اور وہ اپنی تمام تر توانائیاں اس مقدس فریضے کی ادائیگی کے لیے وقف کرتی رہیں گی۔