Live Updates

کسی کی زیادتی کے آگے کبھی سر نہیں جھکائیں گے، ایرانی سپریم لیڈر کا پیغام

ایرانی قوم کبھی بھی دشمن کے سامنے ہتھیار نہیں ڈالتی اور اپنی سالمیت کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدام کرے گی؛ آیت اللہ خامنہ ای

Sajid Ali ساجد علی منگل 24 جون 2025 12:28

کسی کی زیادتی کے آگے کبھی سر نہیں جھکائیں گے، ایرانی سپریم لیڈر کا پیغام
تہران ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 24 جون 2025ء ) ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کا کہنا ہے کہ ایرانی قوم کبھی بھی دشمن کے سامنے ہتھیار نہیں ڈالتی اور اپنی سالمیت کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدام کرے گی۔ تفصیلات کے مطابق اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ جو لوگ ایرانی عوام اور ان کی تاریخ سے واقف ہیں وہ بخوبی جانتے ہیں کہ یہ قوم ایسی نہیں جو کسی بھی حالت میں ہتھیار ڈال دے، ایران نے کسی کو نقصان نہیں پہنچایا لیکن وہ جارحیت کسی صورت برداشت نہیں کرے گا، ہم کسی کی زیادتی کے آگے ہر گز سر نہیں جھکائیں گے، یہ ایرانی قوم کی منطق ہے۔

ایران اسرائیل جنگ بندی کے بعد پاسداران انقلاب نے تنبیہ کی ہے کہ اگر دوبارہ جارحیت ہوئی تو منہ توڑ جواب ملے گا، پاسداران انقلاب کے کمانڈر انچیف میجر جنرل پاکپور کا کہنا ہے کہ کامیابی اور فتح پر ملت ایران اور شہداء کے اہل خانہ کو مبارکباد پیش کرتے ہیں، اگر امریکی صدر ٹرمپ کی طرف سے ایران کے خلاف دوبارہ جارحیت کی گئی تو اس کا منہ توڑ جواب ملے گا۔

(جاری ہے)

اسی طرح ایران اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی کے آغاز کے بعد ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کا بھی اہم بیان سامنے آگیا، انہوں نے کہا کہ اسرائیل کو اس کی جارحیت کی سزا دینے کے لیے ہماری طاقتور مسلح افواج کی فوجی کارروائیاں صبح 4 بجے تک آخری لمحات تک جاری رہیں، میں تمام ایرانیوں کے ساتھ مل کر اپنی بہادر مسلح افواج کا شکریہ ادا کرتا ہوں جو اپنے خون کے آخری قطرے تک ہمارے پیارے ملک کے دفاع کے لیے تیار رہیں اور جنہوں نے دشمن کے کسی بھی حملے کا آخری لمحے تک جواب دیا۔

واضح رہے کہ اسرائیل اور ایران نے جنگ بندی کا آغاز کردیا ہے، پاکستان وقت کے مطابق ایران نے صبح 9 بجے سے جنگ بندی پر عملدرآمد شروع کیا گیا، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ’جنگ بندی کا آغاز ہوگیا ہے برائے مہربانی جنگ بندی کی خلاف ورزی نہ کریں‘، امریکی نشریاتی ادارے سی این این نے بتایا کہ ایران اور اسرائیل کے درمیان سیز فائر کا نفاذ ہوچکا ہے جس کے بعد اسرائیل نے اپنی فضائی حدود بھی کھول دی۔
Live ایران اسرائیل کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات