ہندوستان مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کر رہا ہے،چیف سیکرٹری آزاد کشمیر

منگل 24 جون 2025 15:08

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جون2025ء)چیف سیکرٹری ازاد حکومت ریاست جموں و کشمیر خوشحال خان نے کہا ہے کہ ہندوستان مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کر رہا ہے۔ ہندوستان کشمیریوں کی شناخت مٹا رہا ہے۔ ڈیجیٹلائزیشن نے جہاں دنیا میں روزگار اور ترقی کے مواقعے پیدا کیے وہاں ہی اس کے منفی استعمال سے سیاسی، معاشرتی اور معاشی نقصانات بھی ہو رہے ہیں۔

ضرورت اس امر کی ہے کہ پروپگنڈہ کے بجائے تحقیق پر توجہ دیں تاکہ معاشرہ میں امن قائم رہے۔ نوجوان ہمارا اثاثہ ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے کشمیر پالیسی ریسرچ انسٹیٹیوٹ کے زہراہتمام انٹرن شپ پروگرام کی افتتاحی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر سیکرٹری کشمیر کاز، ارٹس اینڈ لنگویجز محمد رفاقت خان اور ڈائریکٹر کشمیر پالیسی ریسرچ انسٹیٹیوٹ ڈاکٹر راجہ محمد سجاد خان نے خطاب کیا۔

(جاری ہے)

چیف سیکرٹری ازاد کشمیر نے کشمیر پالیسی ریسرچ انسٹیٹیوٹ کو انٹرن شپ، تحقیقی کام، یوتھ ڈائیلاگ پروگرامز، ورکشاپس اور دیگر پروگراموں کے انعقاد پر مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم ڈیجٹلائزیشن کے مثبت کے ساتھ منفی پہلوں سے خود بھی اگاہ ہوں اور دیگر کو بھی آگاہ کریں۔ ہر خبر سچ نہیں ہوتی جس کی بلا تصدیق و تحقیق پھیلانے کی عادت نے معاشرے کو نااتفاقی کا شکار کر دیا اور لوگوں کے اندر نفرت کے جذبات کو فروغ دیا۔

آزادکشمیر میں نوجوانوں کی ایک بڑی تعداد ہے اور اگر نوجوانوں کی مثبت سمت راہنمائی ہو تو یہ اس خطہ کی ترقی اور خوشحالی میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔ ضرورت اس امر کی ہے پروپگنڈہ کی جگہ تحقیق کو فروغ دیا جائے اور تحقیق پر توجہ اس لیے بھی ضروری ہے تاکہ ہر طالب علم میں سچ جاننے کی جستجو پیدا ہو اور معاشرہ پروپگنڈہ اور الزام کے بجائے حقائق کی بنیاد پر اپنی رائے بنائے۔

کسی بھی معاشرہ میں اجتماعی اور انفرادی ترقی کے لیے امن ضروری ہے اس امن کے لیے آپ نے ایک سفیر کا کردار ادا کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ازاد کشمیر میں بے تحاشا ٹیلنٹ موجود ہے اس ٹیلنٹ کو مثبت سمت راغب کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب کو اللہ پاک کا شکر ادا کرنا ہے کہ اس کی مدد سے اور ہماری بہادر افواج کی قربانیوں کی بدولت بنیان مرصوص میں ہمیں فتح ملی۔

اس کامیابی نے جہاں ہندوستان کا غرور و تکبر خاک میں ملا دیا وہاں ہی عالمی منظر نامہ میں پاکستان کی اہمیت میں مزید اضافہ ہوا۔ معرکہ حق نے مسئلہ جموں و کشمیر کو ایک بار پھر عالمی توجہ کا مرکز بنا دیا۔ ہم کسی بھی صورت میں مقبوضہ جموں و کشمیر کے بہادر اور حریت پسند عوام کو اکیلا نہیں چھوڑ سکتے۔ فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر کا یہ کہنا کہ کشمیر کے لیے ہم نے 3 جنگیں لڑی 10 بھی لڑنی پڑی دریغ نہیں کریں گے پوری پاکستان قوم کی کشمیریوں سے وابستگی کی ترجمانی ہے۔

چیف سیکرٹری ازاد کشمیر نے کہا کہ ہم سب نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو بھی اجاگر کرنا ہے۔ انشاء اللہ وہ وقت دور نہیں جب مقبوضہ جموں و کشمیر آزاد ہو گا۔ اخر میں سیکرٹری کشمیر کاز رفاقت خان نے چیف سیکرٹری کو ادارہ کا سوینئیر پیش کیا۔