Live Updates

ایران پر ہرگز بم مت گرانا،ٹرمپ اسرائیل پر برہم، فریقین کو جنگ بندی کی خلاف ورزی کا مرتکب قرار دیدیا

اسرائیل نے معاہدے پر رضامندی ظاہر کرنے کے فوراً بعد بمباری شروع کر دی، اسرائیل اپنے پائلٹس کو واپس بلائے، امریکی صدر

منگل 24 جون 2025 17:41

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جون2025ء)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اسرائیل اور ایران، دونوں کو جنگ بندی کی خلاف ورزی کا مرتکب قرار اور اسرائیل پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل نے معاہدے پر رضامندی ظاہر کرنے کے فوراً بعد بمباری شروع کر دی، اسرائیل اپنے پائلٹس کو واپس بلائے، ایران پر بمباری کی گئی تو یہ جنگ بندی کی سنگین خلاف ورزی ہوگی۔

برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ اسرائیل اور ایران دونوں نے اس جنگ بندی کی خلاف ورزی کی ہے جس کا انہوں نے چند گھنٹے قبل ہی اعلان کیا تھی۔رپورٹ کے مطابق صدر ٹرمپ نے بالخصوص اسرائیل سمیت دونوں ممالک پر برہمی کا اظہار کیا ہے۔نیٹو سربراہی اجلاس کے لیے دی ہیگ روانہ ہونے سے قبل صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ اسرائیل نے معاہدے پر رضامندی ظاہر کرنے کے فوراً بعد بمباری شروع کر دی۔

(جاری ہے)

انہوں نے دعویٰ کیا کہ ایران کی جوہری صلاحیت اب ختم ہو چکی ہے، امریکی صدر نے اسرائیل کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ ایران پر ہرگز بم مت گرانا، اگر ایسا کیا تو یہ جنگ بندی کی سنگین خلاف ورزی ہوگی، ابھی اپنے پائلٹس کو واپس بلاؤ۔امریکی صدر نے کہا کہ میں ایران سے بھی خوش نہیں ہوں لیکن اسرائیل سے شدید ناراض ہوں۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ اسرائیل کو اب پرسکون ہونا پڑے گا۔

انہوں نے اعتراف کیا کہ ایران اور اسرائیل دونوں نے اس جنگ بندی کی خلاف ورزی کی ہے جسے وہ کروانے کی کوشش کر رہے تھے۔وائٹ ہاؤس سے روانگی کے وقت ٹرمپ نے کہاکہ اب مجھے اسرائیل کو پرسکون کرنا ہے، جیسے ہی ہم نے معاہدہ کیا، اسرائیل سامنے آیا اور بموں کی ایسی بارش کی جو میں نے اس سے پہلے کبھی نہیں دیکھی، یہ اب تک کا سب سے بڑا حملہ تھا۔انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس بنیادی طور پر دو ممالک ہیں جو اتنے عرصے سے اور اتنی شدت سے لڑ رہے ہیں کہ اب وہ جانتے ہی نہیں کہ آخر وہ کر کیا رہے ہیں۔
Live ایران اسرائیل کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات