چیئرمین پی ٹی اے کا پاکستان میں ڈیجیٹل کنیکٹیویٹی کے فروغ، مؤثر ریگولیٹری فریم ورک کی تشکیل اور سرمایہ کاری و جدید ٹیکنالوجیز کے لیے سازگار ماحول کے قیام کی ضرورت و اہمیت پر زور

منگل 24 جون 2025 23:06

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جون2025ء) چیئرمین پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی میجر جنرل (ریٹائرڈ) حفیظ الرحمٰن نے پاکستان میں ڈیجیٹل کنیکٹیویٹی کے فروغ، مؤثر ریگولیٹری فریم ورک کی تشکیل اور سرمایہ کاری و جدید ٹیکنالوجیز کے لیے سازگار ماحول کے قیام کی ضرورت و اہمیت پر زور دیاہے۔منگل کو پی ٹی اے سے جاری بیان کے مطابق پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی کے چیئرمین میجر جنرل (ر ) حفیظ الرحمٰن نے ناروے کے شہر لیلسٹروم میں منعقدہ انٹرنیٹ گورننس فورم (آئی جی ایف) 2025 کے موقع پر گلوبل سسٹم فار موبائل کمیونیکیشنز ایسوسی ایشن (جی ایس ایم اے) کی قیادت سے دو طرفہ ملاقات کی۔

ملاقات میں موبائل براڈبینڈ کے فروغ، اسپیکٹرم پالیسی، ڈیجیٹل شمولیت اور ٹیلی کام شعبے کی ترقی جیسے اہم موضوعات پر باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لئے تبادلہ خیال کیا گیا۔

(جاری ہے)

چیئرمین پی ٹی اے نے پاکستان میں ڈیجیٹل کنیکٹیویٹی کے فروغ، مؤثر ریگولیٹری فریم ورک کی تشکیل، اور سرمایہ کاری و جدید ٹیکنالوجیز کے لیے سازگار ماحول کے قیام کی ضرورت و اہمیت پر زور دیا ۔

جی ایس ایم اے کی جانب سے پی ٹی اے کے متحرک اور ترقی پسند ریگولیٹری کردار کو سراہا گیا جبکہ پاکستان کے ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن کے اہداف کے پیش نظر جی ایس ایم اے نے تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی۔واضح رہے کہ یہ ملاقات پی ٹی اے کے بین الاقوامی اشتراک کے فروغ ، عالمی بہترین روایات سے ہم آہنگی اور ایک مربوط و جدید اور ڈیجیٹلی بااختیار پاکستان کی تشکیل کے لیے اس کے مؤثر ریگولیٹری کردار کو ظاہر کرتی ہے۔