شور کوٹ، محرم الحرام میں امن وامان یقینی بنانے کیلئے ڈپٹی کمشنر، ڈی پی او ، آرمی افسران کی زیر صدارت اجلاس

ملکی سلامتی ،امن و امان کے قیام کے لیے تمام ادارے متحرک ،عوامی تعاون کے بغیر پائیدار امن ممکن نہیں، تمام سٹیک ہولڈرز کو ایک صفحے پر ہونا چاہیے،علی اکبر بھنڈر

منگل 24 جون 2025 19:40

شورکوٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جون2025ء)عشرہ محرم الحرام کے حوالے سے امن و امان کے قیام اور بین المسالک ہم آہنگی کو یقینی بنانے کے لیے ڈپٹی کمشنر علی اکبر بھنڈر، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کیپٹن ر بلال افتخار کیانی اور پاک آرمی کے افسران کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس ضلعی افسران،امن کمیٹی، لائسنس داران، جلوس و مجالس کے منتظمین اور پولیس افسران نے شرکت کی۔

اجلاس کا مقصد محرم الحرام کے دوران سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینا، ممکنہ چیلنجز کی نشاندہی کرنا اور ایک مربوط لائحہ عمل مرتب کرنا تھا۔ڈپٹی کمشنر علی اکبر بھنڈر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ملکی سلامتی اور امن و امان کے قیام کے لیے تمام ادارے متحرک ہیں۔ عوامی تعاون کے بغیر پائیدار امن ممکن نہیں، لہذا تمام اسٹیک ہولڈرز کو ایک صفحے پر ہونا چاہیے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں تمام شرکا نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ محرم الحرام کے دوران ہم آہنگی برقرار رکھنے، باہمی احترام کے فروغ اور ملک دشمن عناصر کی سازشوں کو ناکام بنانے میں بھرپور کردار ادا کریں گے۔ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کیپٹن ر بلال افتخار کیانی نے اس موقع پر کہا کہ محرم الحرام میں بین المسالک ہم آہنگی اور بھائی چارے کا فروغ ناگزیر ہے۔ تمام مکاتب فکر کے علما اور شہریوں کو چاہیے کہ وہ پاکستان مخالف قوتوں کے خلاف اتحاد کا مظاہرہ کریں اور ایک مثبت پیغام دیں۔انہوں نے واضح کیا کہ جھنگ پولیس محرم الحرام میں قیام امن کے لیے مکمل طور پر پرعزم اور تیار ہے، اور کسی بھی قسم کی شرانگیزی یا فساد کی کوشش کو سختی سے کچلا جائے گا۔