Live Updates

ایرانی میزائلوں نے عمارتیں تباہ کردیں، آخری 2 دنوں میں اسرائیل کو بہت بری مار پڑی، امریکی صدر

ایران نے جوہری تنصیبات بحال کرنے کی کوشش کی تو دوبارہ حملہ کریں گے،ایران اسرائیل جنگ بندی پر بہت اچھے طریقے سے عمل ہو رہا ہے، غزہ کا مسئلہ بھی اب حل ہونے کے قریب ہے؛ ڈونلڈ ٹرمپ کی نیٹو سمٹ میں گفتگو

Sajid Ali ساجد علی بدھ 25 جون 2025 14:24

ایرانی میزائلوں نے عمارتیں تباہ کردیں، آخری 2 دنوں میں اسرائیل کو بہت ..
دی ہیگ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 25 جون 2025ء ) امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دھمکی دی ہے کہ اگر ایران نے جوہری تنصیبات بحال کرنے کی کوشش کی تو دوبارہ حملہ کریں گے۔ دی ہیگ میں نیٹو سمٹ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایرانی میزائلوں نے عمارتوں کو تباہ کردیا، آخری 2 دنوں میں اسرائیل کو بہت بری مار پڑی، ایران اور اسرائیل دونوں نے تسلیم کیا کہ بس بہت ہو گیا اور جنگ بندی کو موقع دینا چاہیئے، میرے کہنے پر اسرائیلی طیارے واپس گئے جس کے بعد سے ایران اسرائیل جنگ بندی پر بہت اچھے طریقے سے عمل ہو رہا ہے، جنگ بندی کی چند خلاف ورزیاں ضرور ہوئی ہیں لیکن مجموعی طور پر فریقین پیچھے ہٹے ہیں جو کہ خوش آئند ہے۔

صدر ٹرمپ ایک بار پھر دعویٰ کیا کہ ایران پر حملے میں ہمیں ایک تاریخی کامیابی ملی ہے، ہم نے تقریباً 30 منزل نیچے بنائی گئی تنصیبات کو تباہ کیا، فردو جوہری مرکز اب مکمل تباہ ہو چکا ہے، حملہ کرکے ہم ایران کے جوہری پروگرام کو دہائیوں پیچھے لے گئے ہیں، ایران کے لیے اب جوہری ہتھیار بنانا بہت مشکل ہو گیا ہے، اگر ایران نے تنصیبات کی بحالی کی کوشش کی تو ’ہم دوبارہ حملہ کریں گے کیوں کہ ایران کو یورینیئم افزودگی کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔

(جاری ہے)

ساتھ ہی انہوں نے یہ بھی کہا کہ ایران ایک بہترین ملک ہے اور ایرانی قوم بہترین لوگ ہیں لیکن ایران نیوکلیئر ہتھیار نہیں رکھ پائے گا، ایران کو پتا تھا ہم حملہ کرنے والے ہیں، امریکہ نے اپنی فوجی طاقت سے ناصرف اپنا مفاد بلکہ عالمی امن کا تحفظ بھی کیا ہے، اب ان کا ملک بچ گیا ہے، گزشتہ روز روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن نے بھی ایران کے معاملے پر مدد کی پیشکش کی تھی اور خطے میں امن کے لیے امریکہ اپنا کردار ادا کرتا رہے گا کیوں کہ جنگ کسی مسئلے کا حل نہیں ہے، اسی لیے غزہ کے معاملے پر بھی بڑی پیشرفت ہو رہی ہے اور غزہ کا مسئلہ اب حل ہونے کے قریب ہے۔
Live ایران اسرائیل کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات