جموں و کشمیر،ضلع جموں کی پولیس نے ایک شخص کو جوتوں کے ہار پہنا کر پریڈ کرائی

بدھ 25 جون 2025 14:44

جموں (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 جون2025ء) بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں وکشمیرکے ضلع جموں میں ایک شخص کو جوتوں کے ہار پہنا کر پولیس گاڑی کے بونٹ پر بٹھایا گیا اور سڑکوں پر پریڈ کرائی گئی۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق یہ شخص وادی کشمیر کا رہائشی تھا اور پولیس نے دعویٰ کیا کہ وہ ایک بدنام زمانہ مجرم ہے۔ مذکورہ شخص کو پولیس افسر نے جوتوں کے ہار پہنا کراورپولیس کی گاڑی پر بٹھاکر جموں شہر کے وسط میں واقع ایک ہسپتال کے باہرسڑکوں پر پریڈ کروائی۔

پولیس افسر نے دعویٰ کیا کہ اس شخص نے چند روز قبل ایک شخص کو لوٹا تھا۔

(جاری ہے)

رواں ماہ جموں شہر میں یہ اس طرح کادوسرا واقعہ ہے جب کسی شخص کو اس طرح کی صورتحال کا سامنا کرنا پڑا۔اس سے قبل 11جون کو جموں کے مضافات میں واقع گنگیال چوک میں فائرنگ کے ایک واقعے میں ملوث تین افراد کو پکڑ کر پولیس سٹیشن لے جانے کے بعد عوام کے سامنے ان کی پٹائی کی گئی۔دریں اثنا، انسانی حقوق کے کارکنوں اور سول سوسائٹی کے ارکان نے بھارتی پولیس کی کارروائی کو غیر پیشہ ورانہ اور غیر مہذب قرار دیتے ہوئے تنقید کا نشانہ بنایا اور قصورواروں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔انہوں نے کہا کہ بھارتی پولیس قانون کے محافظ بننے کے بجائے ایک گینگ کی طرح برتائو کررہی ہے۔