عالمی بینک اور ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان کیلئے قرضوں کی منظوری دیدی

عالمی بینک نے پاکستان کیلئے 19 کروڑ 40 لاکھ ڈالر جبکہ ایشیائی ترقیاتی بینک نے 350 ملین ڈالر کے قرض کی منظوری دی، یہ رقم بلوچستان میں دو مختلف منصوبوں پر خرچ کی جائے گی، کنٹری ڈائریکٹر ورلڈ بینک، فنڈز خواتین کی مالی رسائی بہتر بنانے کیلئے خرچ کئے جائیں گے، اے ڈی بی اعلامیہ

Faisal Alvi فیصل علوی بدھ 25 جون 2025 15:25

عالمی بینک اور ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان کیلئے قرضوں کی منظوری ..
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔25جون 2025)عالمی بینک اور ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان کیلئے قرض کی منظوری دیدی،عالمی بینک نے پاکستان کیلئے 19 کروڑ 40 لاکھ ڈالر قرض کی منظوری جبکہ ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان کیلئے 350 ملین ڈالر کے قرض کی منظوری دی،تفصیلات کے مطابق عالمی بینک نے پاکستان کیلئے 19 کروڑ 40 لاکھ ڈالر قرض کی منظوری دی۔

ورلڈ بینک کا کہنا ہے کہ یہ رقم بلوچستان میں دو مختلف منصوبوں پر خرچ کی جائے گی۔عالمی بینک کے مطابق یہ رقم صوبہ بلوچستان میں دو مختلف منصوبوں پر خرچ کی جائے گی جس میں بچوں کیلئے تعلیمی مواقع کو بہتر بنانے اور پانی کے تحفظ کو مضبوط کرنے کا منصوبہ شامل ہے۔ورلڈ بینک کے کنٹری ڈائریکٹر ناجے بن ہیسن کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں انفرااسٹرکچر اور انسانی ترقی میں سرمایہ کاری سے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔

(جاری ہے)

ان کا مزید یہ بھی کہنا ہے کہ بلوچستان میں منصوبوں کا مقصد صوبے میں تعلیمی محرومی کو کم کرنا ہے، بلوچستان واٹر سیکیورٹی پراجیکٹ موسمیاتی تبدیلی کیخلاف مزاحمت بڑھانے میں مدد دے گا۔دوسری جانب ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان کیلئے 350 ملین ڈالر کے قرض کی منظوری دیدی۔یہ قرضے خواتین کی کاروباری سرگرمیوں کوفروغ دینے کیلئے استعمال کئے جائیں گے۔

اے ڈی بی اعلامیے کے مطابق یہ فنڈز خواتین کی مالی رسائی بہتر بنانے کیلئے خرچ کئے جائیں گے، یہ فنڈز خواتین کی مالی رسائی بہتر بنانے کیلئے خرچ کئے جائیں گے۔بینک کے مطابق قرض کا مقصد خواتین کی مالیاتی اداروں تک رسائی کو بہتر بنانا اور ان کی معاشی بااختیاری کو فروغ دینا ہے۔ایشیائی ترقیاتی بینک کے مطابق 35 کروڑ ڈالر قرض جبکہ 5 کروڑ ڈالر کی مزید مالی معاونت شامل ہے۔

یہ رقم ویمن انکلوسیو فنانس سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام کے دوسرے مرحلے کے تحت استعمال کی جائے گی جس کا ہدف پاکستان بھر میں خواتین کو کاروباری سرگرمیوں میں بھرپور شرکت کے قابل بنانا ہے۔پروگرام کے ذریعے خواتین کو کاروبار، روزگار سمیت دیگر معاشی مواقع فراہم کئے جائیں گے۔ کریڈٹ سہولیات اور ضمانتوں کی مدد سے خواتین کی مالی رسائی کو بہتر بنائیں گے۔بینک نے اعلامیے میں کہا ہے کہ قرض کی کل رقم 350 ملین ڈالر ہے۔ اس میں 300 ملین ڈالر کا پالیسی بیسڈ لون شامل ہے۔ جبکہ 50 ملین ڈالر کی اضافی مالی معاونت بھی فراہم کی جائے گی جو خواتین کی مالیاتی شمولیت کو مزید مضبوط بنانے میں مدد دے گی۔