کئی سالوں میں ایک ہی گھر سے 5 کروڑ کی چوری میں ملوث گھریلو ملازمہ گرفتار

ملزمہ مہنگے گھروں، پلاٹوں، گاڑیوں، موٹرسائیکلوں اور ایک دکان کی مالکن نکلی، حیرت انگیز انکشافات سامنے آگئے

Sajid Ali ساجد علی بدھ 25 جون 2025 15:48

کئی سالوں میں ایک ہی گھر سے 5 کروڑ کی چوری میں ملوث گھریلو ملازمہ گرفتار
کراچی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 25 جون 2025ء ) صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی سے کئی سالوں میں ایک ہی گھر سے 5 کروڑ کی چوری میں ملوث گھریلو ملازمہ پکڑی گئی، ملزمہ سے پولیس تفتیش کے دوران حیرت انگیز انکشافات سامنے آگئے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق کراچی پولیس نے شہر قائد کے علاقہ ڈیفنس میں خیابان تنظیم کے گھر میں ملازمت کے دوران 5 کروڑ روپے چرانے والی ملازمہ کو گرفتارکرلیا، ملازمہ کے خلاف کلفٹن تھانے میں بنگلے کی مالکن کی مدعیت میں 16 جون کو مقدمہ درج ہوا جس کے بعد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے اسے گرفتار کیا، خاتون نے 5 کروڑ روپے چوری کرنے کا اعتراف کرلیا، تفتیش میں ملزمہ کی اپنی جائیدادیں بھی سامنے آگئیں، ملزمہ کے گھریلو ملازم کو بھی حراست میں لے لیا گیا۔

ایس آئی یو کلفٹن سعید تھیم نے بتایا کہ ملزمہ شہناز حیرت انگیز طور پر ایک شاہانہ طرز زندگی گزار رہی تھی اور تفتیش کے دوران مجموعی طور پر 5 گاڑیوں، 3 موٹر سائیکل، 3 فلیٹس اور پرچون کی دکان کی مالکن نکلی، ملزمہ 13 سال کے دوران مختلف اوقات میں انوشہ نامی خاتون کے گھر سے 5 کروڑ سے زائد کی رقم گھر میں موجود مخصوص کمرے سے نکالتی رہی اور چوری کے ان پیسوں سے اس نے مختلف اوقات میں گاڑیاں، فلیٹس، دکان اور موٹر سائیکلیں خرید لیں، ملزمہ نے چوری کے پیسوں سے گزری میں 50 لاکھ روپے کا فلیٹ خریدا، پنجاب میں 36 لاکھ مالیت کے 2 پلاٹ خریدے، ایک کروڑ کی گاڑیاں اور 70 لاکھ کی دکان خریدی، ملزمہ سے گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں برآمد کرلی گئیں۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا ہے کہ ملزمہ خریدی گئی گاڑیاں کرائے پر چلاتی تھی، اس نے اپنے زیر استعمال فلیٹ کے علاوہ دیگر 2 فلیٹس بھی کرائے پر دیئے ہوئے تھے اور کرائے کی مد میں ماہانہ لاکھوں روپے کما رہی تھی، تفتیش میں یہ بھی انکشاف ہوا کہ ملزمہ برانڈڈ کپڑوں کی شوقین ہے اور بنگلے میں بطور ملازمہ کام کے بعد اپنے برانڈڈ کپڑوں کا شوق پورا کرتی تھی جس کے لیے اکثر و بیشتر آن لائن شاپنگ کے ذریعے بین الاقوامی برانڈ کے کپڑے خریدتی تھی۔

پولیس نے بتایا کہ شاہانہ لائف سٹائل کو اپناتے ہوئے گرفتار ماسی نے اپنی خدمت اور گھر کے کاموں کے لیے حماد نامی نوجوان کو ملازم کے طور پر رکھا ہوا تھا جو اکثر و بیشتر ملزمہ کے ڈرائیور کے طور پر بھی خدمات انجام دیتا تھا، ملزمہ نے اپنے بیٹے اور ساتھی ملزم آصف کو گزری کے علاقہ میں ایک پرچون کی دکان بھی کھول کر دی ہوئی تھی، تفتیش کے دوران چوری شدہ 6 لاکھ روپے بھی ملزمہ کے گھر سے برآمد ہوئے تاہم بینک اکاؤنٹس میں بھی تقریباً 40 لاکھ روپے موجود ہیں، اس کے علاوہ ملزمہ کے آبائی علاقے میں موجود جائیداد کی تفصیلات بھی حاصل کی جارہی ہیں۔