پی آئی اے اور فرسٹ ویمن بینک کی نجکاری کا شیڈول طے، آئی ایم ایف کو آگاہ کر دیا گیا

ہفتہ 11 اکتوبر 2025 20:53

پی آئی اے اور فرسٹ ویمن بینک کی نجکاری کا شیڈول طے، آئی ایم ایف کو آگاہ ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 اکتوبر2025ء) حکومت نے سرکاری اداروں کی نجکاری بارے تفصیلی رپورٹ آئی ایم ایف کو ارسال کر دی ۔ ذرائع کے مطابق فرسٹ ویمن بینک اور قومی ایئرلائن پی آئی اے کی نجکاری کے لیے ٹائم لائنز بھی طے کر لی گئی ہیں۔ذرائع نجکاری کمیشن کے مطابق فرسٹ ویمن بینک کی نجکاری آئندہ ہفتے ہوگی، قومی ایئر لائن پی آئی اے کی نجکاری کیلئے بولی آئندہ ماہ منعقد کرنے کی تجویز دی گئی ہے ، رواں مالی سال سرکاری اداروں کی نجکاری سی87 ارب روپے سے زائد آمدن کا تخمینہ ہے۔

ذرائع کے مطابق فرسٹ ویمن بینک کیلئے ریفرنس پرائس مقرر، آفر پرائس آئندہ ہفتے کھولی کی جائیگی، فرسٹ ویمن بینک کے 82.64فیصد شیئرز حکومت پاکستان کی ملکیت ہیں، متحدہ عرب امارات کے نامزد ادارے انٹرنیشنل ہولڈنگ کمپنی کیساتھ بات چیت جاری ہے، پی آئی اے کے 51سے 100فیصد شیئرز آئندہ ماہ فروخت کئے جائیں گے، چار پری کوالیفائیڈ بڈرز کی جانب سے جانچ پڑتال چند روز میں مکمل ہو جائیگی، شارٹ لسٹ کئے گئے چار بولی دہندگان میں لکی سیمنٹ کی سربراہی میں کنسورشیم شامل ہیں، دوسرا کنسورشیم عارف حبیب گروپ کی سربراہی میں شارٹ لسٹ کیا جا چکا ہے، تیسرا گروپ فوجی فرٹیلائزر کمپنی اور چوتھا ایئر بلو پر مشتمل ہے، یہ چار گروپ نومبر میں بولی کے عمل میں شرکت کریں گے۔

(جاری ہے)

نجکاری کی فہرست میں مجموعی طور پر 24 سرکاری ادارے شامل ہیں، پہلے مرحلے میں بجلی کی 3تقسیم کار کمپنیوں کی نجکاری کیلئے بھی کام جاری ہے، بجلی کمپنیوں میں فیصل آباد، گوجرانوالہ اور اسلام آباد الیکٹرک کمپنی شامل ہے، دیگر سرکاری اداروں کی نجکاری بھی مرحلہ وار کی جائے گی، سرکاری اداروں کی نجکاری کیلئے ایک سال، 1سے 3سال اور 3سے 5سال کا شیڈول تیار کیا گیاہے ۔