Live Updates

اسرائیل کیلئے جاسوسی کا الزام، ایران میں مزید 3 افراد کو پھانسی دے دی گئی

ایران اور اسرائیل کے درمیان جنگ کے آغاز کے بعد تہران نے اسرائیلی ایجنسی سے مبینہ روابط رکھنے والے افراد کے خلاف فوری مقدمات چلانے کا اعلان کیا تھا

Sajid Ali ساجد علی بدھ 25 جون 2025 16:32

اسرائیل کیلئے جاسوسی کا الزام، ایران میں مزید 3 افراد کو پھانسی دے دی ..
تہران ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 25 جون 2025ء ) ایران نے اسرائیل کے لیے جاسوسی کے الزام میں مزید 3 افراد کو پھانسی دے دی۔ عالمی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق پھانسی دیئے جانے والوں میں ادریس علی، آزاد شجاعی اور رسول احمد رسول شامل ہیں جن پر ملک میں قتل کی کارروائیاں انجام دینے کے لیے سامان درآمد کرنے کی کوشش اور صہیونی حکومت کے حق میں تعاون کا الزام تھا جس کے باعث سنائی جانے والی سزاؤں پر آج عملدرآمد کیا گیا اور انہیں پھانسی دے دی گئی۔

بتایا گیا ہے کہ اسرائیل سے تعاون کے الزام میں تینوں افراد کی پھانسی کی کارروائی ایران کے شمال مغربی شہر ارومیہ میں عمل میں لائی گئی، ان افراد نے جو سامان سمگل کیا تھا وہ ایک نامعلوم شخصیت کے قتل میں استعمال ہوا، اس شخصیت کے بارے میں مزید تفصیلات سامنے نہیں لائی گئیں، تاہم ایران میں غیر ملکی انٹیلی جنس ایجنسیوں، خاص طور پر اسرائیل کے لیے جاسوسی کا شبے میں گرفتار افراد کے لیے سزائے موت کا اعلان کیا جاتا ہے۔

(جاری ہے)

معلوم ہوا ہے کہ ایران اور اسرائیل کے درمیان جنگ کے آغاز کے بعد تہران نے اسرائیل سے مبینہ روابط رکھنے والے افراد کے خلاف فوری مقدمات چلانے کا اعلان کیا تھا، ایران نے گزشتہ اتوار اور پیر کو بھی موساد سے وابستگی کے الزام میں چند افراد کو پھانسی دی، ایمنسٹی انٹرنیشنل سمیت انسانی حقوق کی تنظیموں کا کہنا ہے کہ چین کے بعد ایران دنیا میں سزائے موت دینے والا دوسرا بڑا ملک ہے۔

بتایا جارہا ہے کہ ایران کے صوبہ خوزستان میں 23 افراد پر اسرائیل کے لیے جاسوسی کے الزام میں فردِ جرم عائد کردی گئی، حکومت کی جانب سے سکیورٹی کریک ڈاؤن میں تیزی کے بعد یہ کارروائی کی گئی، جنوب مغربی شہر اہواز کے سرکاری پراسیکیوٹرز نے ملزمان پر الزام عائد کیا کہ وہ صوبے میں تخریبی سرگرمیوں میں ملوث تھے جن میں دشمن کے لیے معلومات جمع کرنا اور ایران کے خلاف پروپیگنڈہ پھیلانا شامل ہے۔
Live ایران اسرائیل کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات