Live Updates

عمران، بشریٰ بی بی کی سزا کیخلاف اپیل پر نیب نے اسپیشل پراسیکیوٹر تعینات کر دیا

بدھ 25 جون 2025 17:02

عمران، بشریٰ بی بی کی سزا کیخلاف اپیل پر نیب نے اسپیشل پراسیکیوٹر تعینات ..
اسلام آبا د(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 جون2025ء)بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی 190 ملین پاؤنڈ کیس میں سزاؤں کیخلاف اپیل میں مقدمے کی پیروی کے لیے قومی احتساب بیورو (نیب) نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں اسپیشل پراسیکیوٹر تعینات کر دیا۔میڈیارپورٹ کے مطابق بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی کی 190 ملین پاؤنڈ کیس میں اپیلوں اور سزا معطلی کی درخواستوں پر اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔

نیب نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں اسپیشل پراسیکیوٹر کا تقرر کر دیا ہے، چیئرمین نیب کی منظوری سے جاوید ارشد ایڈووکیٹ کی بطور اسپیشل پراسیکیوٹر کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔واضح رہے کہ رواں ماہ کی ابتدا میں دوران سماعت اسلام آباد ہائیکورٹ نے 190 ملین پاؤنڈ کیس میں عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی سزا معطل کرنے کی اپیل پر نیب پراسکیوشن ٹیم نوٹیفائی کرنے کے لیے مہلت دیتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی تھی۔

(جاری ہے)

سزا معطلی کی اپیل پر سماعت قائم مقام چیف جسٹس سردار سرفراز ڈوگر اور جسٹس محمد آصف نے کی تھی۔بیرسٹر سلمان صفدر عدالت میں پیش ہوئے، اور موقف اختیار کیا تھا کہ سزا معطلی کی درخواستوں پر سماعت ہے، منتوں، مرادوں اور دعاؤں کے بعد آج کی تاریخ ملی ہے، آج کی تاریخ ہمیں آسانی سے نہیں ملی۔بعد ازاں عدالت عالیہ نے مہلت دیتے ہوئے مزید سماعت ملتوی کردی تھی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات