Live Updates

پی ٹی آئی خیبرپختونخواہ کے صوبائی صدر جنید اکبر اوراسد قیصر نے خود کو پارٹی فیصلوں سے الگ کرلیا

بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ہدایت نہیں تھیں تو بجٹ کیوں پیش کیا گیا؟ ،جنید اکبر، عمران خان سے براہ راست رابطہ نہیں لہٰذا کچھ معلوم نہیں تو اس حساب سے موجودہ فیصلوں میں شامل نہیں ہوں، اسد قیصر کی گفتگو

Faisal Alvi فیصل علوی بدھ 25 جون 2025 16:55

پی ٹی آئی خیبرپختونخواہ کے صوبائی صدر جنید اکبر اوراسد قیصر نے خود ..
اسلا م آباد(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔25جون 2025)پی ٹی آئی خیبرپختونخواہ کے صوبائی صدر جنید اکبر اوررہنماء تحریک انصاف اسد قیصر نے خود کو پارٹی فیصلوں سے الگ کرلیا، بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ہدایت نہیں تھیں تو بجٹ کیوں پیش کیا گیا؟ پارٹی قیادت نے بانی کی ہدایت کے برعکس یہ فیصلہ کیوں کیا؟،بتایا گیا ہے کہ قومی اسمبلی کی پبلک اکاؤٹس کمیٹی کے چیئرمین اور تحریک انصاف خیبرپختونخواہ کے صوبائی صدر نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی ہدایت ہی موصول نہیں ہو رہی تو کیسے فیصلہ کر سکتے ہیں؟ بانی پی ٹی آئی عمران خان کا پیغام اور حکم حتمی ہوتا ہے، ان کی خلاف ورزی کسی قسم قبول نہیں ہے۔

دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما اسد قیصر نے پارٹی پالیسی سے لاتعلقی کا اظہار کرتے ہوئے بانی پی ٹی آئی عمران خان کے پیغامات پر بھی شکوک کا اظہار کر دیا۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا ہے کہ اس وقت پالیسی سازی میں ہمیں بڑی مشکلات درپیش ہیں۔ڈان نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنماء سے سوال کیا گیا کہ موجودہ فیصلوں میں آپ کا حصہ نہیں؟ اس کے جواب میں انہوں نے کہا کہ عمران خان سے براہ راست رابطہ نہیں لہٰذا کچھ معلوم نہیں تو اس حساب سے موجودہ فیصلوں میں میں شامل نہیں ہوں۔

رہنماء پی ٹی آئی اسد قیصر کاکہنا تھا کہ بانی عمران خان سے ملاقات کے بعد ہمیں صرف پیغامات پہنچا دیئے جاتے ہیں ہمیں زیادہ پتہ نہیں ہوتا کہ وہ بیانات مستند ہیں یا نہیں؟۔ ہم اس وقت پالیسی سازی سے لاتعلق ہو چکے ہیں۔اسد قیصر نے یہ بھی کہا کہ اڈیالا جیل میں ملاقاتیں محدود ہیں۔ پیغام رسانی میں رکاوٹیں ہیں۔ پارٹی میں پالیسی سازی سے ایک طرح سے ہم لاتعلق ہو چکے ہیں۔

واضح رہے کہ خیبرپختونخواہ اسمبلی نے صوبائی بجٹ منظور کرلیاتھا۔بجٹ کی منظوری سے قبل اپنی تقریر میں وزیراعلی علی امین گنڈاپور نے کہا تھا کہ بانی پی ٹی آئی سے جب بھی ملاقات ہوئی ان کی ہدایت کے مطابق بجٹ میں تبدیلیاں لائینگے۔ صوبائی اسمبلی نے مالی سال 26-2025 کا بجٹ منظورکرتے ہوئے 66 محکموں اور اداروں کے مطالبات زرکی مد میں 1962 ارب روپے کی منظوری دی تھی۔

خیبرپختونخوا ہ اسمبلی نے اجلاس میں مجموعی طور 66 محکموں اور اداروں کے مطالبات زرکی مد میں 1962ارب روپے کی منظوری دی تھی۔ سپیکر کی جانب سے کٹوتی کی تحاریک نہ لینے پر اپوزیشن بجٹ منظوری کا حصہ نہیں بنی تھی اور بجٹ منظوری کے وقت ایوان سے بائیکاٹ کیاتھا۔ سپیکر نے رائے شماری کے بعد تمام کٹوتی تحاریک کثرت رائے سے ختم کردیں تھیں۔ آئندہ مالی سال کے بجٹ میں 157ارب روپے سرپلس رکھے گئے تھے جبکہ بجٹ میں سالانہ ترقیاتی پروگرامز کیلئے547ارب روپے رکھے گئے تھے۔

Live بجٹ 26-2025ء سے متعلق تازہ ترین معلومات