ملک دشمن عناصر کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کی جائیں گی، سینئر پولیس افسران کی مشترکہ پریس کانفرنس

جمعرات 26 جون 2025 00:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 جون2025ء) ایڈیشنل آئی جی آپریشنز پنجاب شہزادہ سلطان، ڈی آئی جی آپریشنز پنجاب وقاص نذیر اور ایس ایس پی آپریشنز سی ٹی ڈی پنجاب وقار عظیم نے انڈین دہشت گرد ایجنسی ''را'' کے 6سہولت کاروں کی گرفتاری کے حوالے سے سنٹرل پولیس آفس پنجاب لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے دشمن ملک کی سازش کی تفصیلات اور سی ٹی ڈی کی کامیابیوں سے آگاہ کیا۔

تفصیلات کے مطابق،کانٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) پنجاب نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے بھارتی خفیہ ایجنسی ''را'' کا حمایت یافتہ دہشت گرد نیٹ ورک بے نقاب کر دیا۔سی ٹی ڈی نے ''آپریشن یلغار'' کے تحت پنجاب کے مختلف اضلاع میں کارروائیاں کرتے ہوئے ''را'' کے 6سہولت کاروں کو گرفتار کر لیا ہے۔

(جاری ہے)

سی ٹی ڈی نے ٹوبہ ٹیک سنگھ سے بھاری مقدار میں دھماکہ خیز مواد، ڈیٹونیٹرز اور خفیہ نقشے برآمد کیے ہیں جبکہ بہاولپور میں دبئی سے فنڈنگ حاصل کرنے والے ''را'' کے ایک سہولت کار کو بھی رنگے ہاتھوں گرفتار کیا گیا۔

بہاولنگر سے تعلق رکھنے والے دو ایسے افراد بھی گرفتار کیے گئے ہیں جو بھارتی بارڈر سکیورٹی فورس سے براہ راست IEDs حاصل کر چکے تھے۔تحقیقات کے دوران سی ٹی ڈی کو بہاولپور کی ایک مسجد اور ریلوے اسٹیشن پر دہشت گرد حملے کی منصوبہ بندی کا انکشاف ہوا ہے۔ مزید برآں، سی ٹی ڈی نے بھارتی افسران میجر رویندرا راٹھور اور انسپکٹر سنگھ کی آڈیوز بھی انٹرسیپٹس بھی حاصل کر لی ہیں جن میں پاکستان میں ٹارگٹ کلنگ اور حساس مقامات پر حملوں کے احکامات دئیے گئے تھے۔

دہشت گردوں کے قبضے سے IEDs، حفاظتی فیوز، اور خفیہ دستاویزات بھی برآمد کی گئی ہیں۔ سی ٹی ڈی پنجاب نے واضح کیا ہے کہ ریاست پاکستان کی سلامتی کے خلاف کسی بھی سازش کو ہر صورت ناکام بنایا جائے گا اور ملک دشمن عناصر کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کی جائیں گی۔