Live Updates

پشاور سمیت خیبر پختونخوا میں بارشوں کے پیش نظر ندی نالوں میں طغیانی اور لینڈسلائیڈنگ کا خطرہ ہے، عوام احتیاطی تدابیر اختیار کریں، محکمہ موسمیات

جمعرات 26 جون 2025 19:29

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 جون2025ء) پشاور سمیت خیبر پختونخوا میں بارشوں کے پیش نظر ندی نالوں میں طغیانی اور اس کے ساتھ ساتھ لینڈسلائیڈنگ کا خطرہ ایک بار پھر منڈلانے لگا ہے، عوام احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔محکمہ موسمیات کے مطابق خیبر پختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم، مرطوب اور جزوی طور پر ابر آلود رہے گا جبکہ میدانی علاقوں میں شدید گرمی کی پیشگوئی کی گئی ہے تاہم صوبے کے بالائی، وسطی اور جنوبی علاقوں میں گرج چمک، تیز ہواؤں اور بارش کے امکانات بھی ظاہر کیے گئے ہیں۔

موسمیاتی رپورٹ کے مطابق چترال، دیر بالا اور دیر لوئر، سوات، بونیر، مالاکنڈ، باجوڑ، بٹگرام، شانگلہ، کوہستان، تورغر، مانسہرہ اور ایبٹ آباد میں گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

(جاری ہے)

ضلع ہری پور، کرم، مہمند، خیبر، اورکزئی، پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، مردان، صوابی اور کوہاٹ میں بھی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جنوبی اضلاع ہنگو، کرک، بنوں، لکی مروت، ڈیرہ اسماعیل خان، ٹانک، شمالی اور جنوبی وزیرستان میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش اور تیز ہوائیں متوقع ہیں جبکہ بعض مقامات پر موسلا دھار بارش کی پیش گوئی بھی کی گئی ہے۔

اس صورتحال میں محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ مردان، مانسہرہ، کوہستان، دیر، سوات اور شانگلہ کے علاقوں میں موسلا دھار بارش سے ندی نالوں میں طغیانی آ سکتی ہے جبکہ پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے خطرے کے باعث سڑکوں کی بندش بھی متوقع ہے، اس حوالے سے عوام کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور کوئی بھی ناخوشگوار صورتحال پیش آنے پر فوری متعلقہ حکام سے رابطہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
Live مون سون بارشیں سے متعلق تازہ ترین معلومات