بالی ووڈ میں کام ملے نہ ملے پرواہ نہیں ہے، دلجیت دوسانجھ

بالی ووڈ میں کام کرنے اور سپر اسٹار بننے کی کوئی خواہش نہیں ہے

جمعہ 27 جون 2025 15:06

بالی ووڈ میں کام ملے نہ ملے پرواہ نہیں ہے، دلجیت دوسانجھ
ممبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 جون2025ء)بھارتی پنجابی گلوکار و اداکار دلجیت دوسانجھ نے اپنے ایک انٹرویو میں کہا کہ ان کا بالی ووڈ میں کام کرنے یا بھارتی فلم انڈسٹری میں کیریئر بنانے کا کوئی ارادہ یا خواہش نہیں ہے۔ سوشل میڈیا پر دلجیت دوسانجھ کے ایک انٹرویو کا کلپ وائرل ہو رہا ہے جس میں انہیں یہ کہتے دیکھا جا سکتا ہے کہ ان کی بالی ووڈ میں کام کرنے اور سپر اسٹار بننے کی کوئی خواہش نہیں ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وہ گلوکار ہیں اور انہیں گلوکاری کرنے سے کوئی روک نہیں سکتا کیونکہ وہ پنجاب سے ہیں جہاں لوگ خود گانے بناتے ہیں خود گاتے ہیں انہیں کسی سپر اسٹار کی ضرورت نہیں ہوتی۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ جب تک چاہیں گے گائیکی کریں گے اور انہیں بالی ووڈ میں کام نہ ملنے کی کوئی پرواہ نہیں ہے۔ یہ ویڈیو ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب بھارت میں دلجیت دوسانجھ کیخلاف پروپیگنڈا کیا جارہا ہے کیونکہ انہوں نے اپنی نئی فلم سردار جی 3 میں پاکستانی اداکارہ ہانیہ عامر کیساتھ کام کیا ہے تاہم یہ انٹرویو ماضی کا ہے۔ بھارت میں دلجیت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے جبکہ پاکستان کے عوام ان سے محبت کا اظہار کرتے ہوئے ہانیہ اور ان کی پرفارمنس کو سراہا رہے ہیں۔