لاہور ، قصور ،گوجرہ میں سی سی ٹی کے ساتھ مبینہ مقابلوں میں 5 خطرناک ملزمان ہلاک ، دیگر ساتھی فرار ہونے میں کامیاب

لاہور میں ہلاک ڈاکو یاسر عرف شہنشاہ پنجاب کے مختلف شہروں میں سنگین جرائم کی ان گنت وارداتوں میں سابقہ ریکارڈ یافتہ تھا

جمعہ 27 جون 2025 16:13

لاہور ، قصور ،گوجرہ میں سی سی ٹی کے ساتھ مبینہ مقابلوں میں 5 خطرناک ملزمان ..
لاہور/قصور /گوجرہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 جون2025ء) کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ کے ساتھ لاہور ، قصور اور گوجرہ میں مبینہ مقابلوں کے دوران 5خطرناک ملزمان ہلاک ہو گئے جبکہ ان کے دیگر ساتھی فرار ہونے میںکامیاب رہے جن کی گرفتاری کے لئے ٹیمیں تشکیل دیدی گئیں ۔ ترجمان کے مطابق سی سی ڈی سٹی شاہدرہ کی ٹیم نے شاہدرہ ٹان کے علاقہ میں انٹیلی جنس بیسڈ کارروائی کی ۔

انسپکٹر اسلام گجر اور ان کی ٹیم نے انٹیلی جنس بیسڈ ناکہ بندی کی ہوئی تھی کہ 3کس کو مشکوک جانتے ہوئے روکا گیا ،پولیس پارٹی کو دیکھتے ہی ملزمان کے ساتھیوں نے پولیس پارٹی پراندھا دھند فائرنگ شروع کردی۔اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ کی زد میں آکر لاہور کے مشہور لیڈیز گروپ ڈکیت گینگ کا سرغنہ ،ڈکیتی،ہائوس راہبری ،بنک رابری دوران واردات معصوم شہریوں کو زخمی کرنے،جیسی سنگین جرائم کی سینکڑوں وارداتوں میں مطلوب اور لاہور شہر میں خوف کی علامت سمجھا جانے والا انتہائی خطرناک ملزم اشتہاری یاسر عرف شہنشاہ زخمی ہو گیا جس کو ہسپتال لے جارہے تھے کہ راستے میں ہلاک ہو گیا ۔

(جاری ہے)

ہلاک ہونے والا ملزم لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں سنگین جرائم کی ان گنت وارداتوں میں سابقہ ریکارڈ یافتہ تھا۔ ملزم پولیس کو انتہائی اہم مقدمات میں مطلوب تھا جس نے جون 2025ء میں بنک سے رقم لیکر نکلنے والے 8افراد کو لاہور شہر کے مختلف علاقوں میں گن پوائنٹ پر لوٹ لیا ۔ ڈی ایس پی سی سی ڈی دانش آصف رانجھا نے بتایا کہ ملزم پولیس کو چکمہ دینے کے لیے اپنی بیوی اور بیٹی کو ساتھ رکھتا تھا جس کو ٹھوری دور اتار کر واردات کرتے اور دوبارہ ساتھ بٹھا کر فرار ہو جاتے تھے۔

ملزم نے 5دن پہلے بنک سے رقم لیکر نکلنے والے ایک بزرگ شہری کو مصری شاہ کے علاقہ میں روکا زخمی کر کے اور 5لاکھ روپے چھین کر فرار ہو گیا تھا بزرگ شہری کی بیٹی کی ایک ہفتہ بعد شادی تھی ۔ملزم نے 8دن پہلے باغبانپورہ کے علاقہ سے ایک شخص جو بنک سے رقم 2لاکھ 95ہزار روپے لیکر نکلا تو گن پوائنٹ پر چھین کر فرار ہو گیا۔ شہری کا بچہ ہسپتال میں داخل تھا ۔

ڈی ایس پی (سی سی ڈی )دانش آصف رانجھا نے بتایا کہ ہلاک ہونے والے ملزم کے دیگر ساتھی فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہوگئے جن کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔ دوسری جانب سی سی ڈی قصور کی بڑی کارروائی میں چند روز قبل شاپ ڈکیتی کے دوران ایک معصوم شہری اور دوکان مالک کو ناحق قتل جبکہ 02 شہریوں کو شدید زخمی کرنے والے دونوں خطرناک ڈاکو ہلاک ہو گئے ۔

ترجمان کے مطابق سی سی ڈی ٹیم کا بائی پاس کے قریب واردات کر نے والے ڈاکوئوں کیساتھ مبینہ پولیس مقابلہ ہوا۔ امروز چار ڈاکو بائی پاس قصور پر لوٹ مار کر رہے تھے کہ سی سی ٹیم کے پہنچنے پر ڈاکوئوں نے فائرنگ کر دی ۔مبینہ پولیس مقابلے کے دوران 02خطرناک ڈاکو اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہو گئے ۔جبکہ ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

ہلاک ہونیوالے ڈاکوئوں کی شناخت نقاش بٹ سکنہ لاہور اور عثمان عرف اسامہ سکنہ شکر گڑھ کے ناموں سے ہوئی ۔ ہلاک ڈاکوئوں نے چند روز قبل طفیل فروٹ چاٹ شاپ پر مزاحمت کرنے پر دکان مالک فیض کو ناحق قتل، ملازم فیض اور گاہک عامر کو زخمی کرنے کی اندوہناک واردات کی تھی ۔ ترجمان سی سی ڈی کے مطابق ہلاک ہونے والے دونوں ڈاکو 50سے زائد سنگین وارداتوں میں ضلع قصور اور لاہور میں ریکارڈ یافتہ نکلے ۔

سی سی ڈی ٹیم نے پولیس مقابلے کا مقدمہ درج کر کے فرار ہونے والے ملزمان کی گرفتاری کیلئے ٹیم تشکیل دے دی ۔ڈی او سی سی ڈی قصور نے کہا کہ خطرناک ڈاکویوں کی ہلاکت اور فوری انصاف کی فراہمی پر لواحقین اور شہریوں نے سی سی ڈی ٹیم کا شکریہ ادا کیا۔سی سی ڈی ٹیم قصور اپنے شہریوں کی جان و مال کی حفاظت کی خاطر پوری جانفشانی سے دن رات کوشاں ہے۔علاوہ ازیں سی سی ڈی پولیس کا علاقے میں دہشت کی علامت سمجھے جانے والے شاہ گینگ کے خلاف آپریشن جاری ہے ۔

سی سی ڈی نے اشتہاریوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر گوجرہ کے نواحی علاقے میں چھاپہ مارا۔اشتہاریوں نے پولیس پارٹی پر اندھا دھند فائرنگ شروع کردی جو تقریباً آدھا گھنٹہ جاری رہی۔فائرنگ رکنے پر سی سی ڈی کو سرچ آپریشن میں دو ملزمان زخمی حالت میں ملے، ملزمان کے دیگر ساتھی فائرنگ کے دوران موقع سے فرار ہو چکے تھے ۔ زخمی ملزمان ہسپتال منتقلی کے دوران زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہلاک ہو گئے ۔

دونوں ہلاک اشتہاریوں محمد وقاص اور انعام الحق عرف فوجی کا تعلق دہشت کی علامت شاہ گینگ سے تھا، ملزمان قتل، ڈاکے، راہزنی ، بھتہ سمیت درجنوں مقدمات میں پولیس کو مطلوب اشتہاری تھے، شاہ گینگ کے 4سرغنہ گزشتہ دنوں پولیس مقابلے میں ہلاک ہو گئے تھے۔ترجمان سی سی ڈی نے کہا کہ سی سی ڈی کا پنجاب بھر میں مفرور اشتہاریوں کے خلاف آپریشن جاری ہے، مفرور اشتہاریوں کو ہدایت دی جاتی ہے کہ وہ سی سی ڈی کے سامنے ہتھیار ڈال دیں۔ سی سی ڈی ہتھیار ڈالنے والوں کے انسانی اور قانون حقوق کی حفاظت کو ہر قیمت پر یقینی بنائے گی۔