سندھ رینجرز اور پولیس نے مشترکہ کارروائی میں کچے کے علاقے سے 3مغویوں کو بازیاب کروالیا

جمعہ 27 جون 2025 17:16

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 جون2025ء) پاکستان رینجرز (سندھ)اور پولیس کی اندرون سندھ کچے کے علاقے میں ڈاکوؤں اور جرائم پیشہ افراد کے خلاف کاروائیاں جاری۔ پاکستان رینجرز (سندھ)اور پولیس نے خفیہ معلومات کی بنیاد پر مشترکہ کاروائی کرتے ہوئے اندرونِ سندھ چک رستم کچے کے علاقے تیغانی میں ڈاکوؤں اور جرائم پیشہ افراد کے قبضے سے تین مغویوں کو بازیاب کرا لیا۔

تفصیلات کے مطابق مورخہ15 جون کوتین شہریوں کو چک رستم تعلقہ خانپور، ضلع شکارپور سے اغوا کیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر ٹارگٹڈ آپریشن کے دوران تین مغویوں غلام رسول مہر، حبدار سولنگی اور سردار سولنگی کو بازیاب کرالیا گیا۔ دوران آپریشن ڈاکو مغویوں کو چھوڑ کر فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ڈاکوں کی گرفتاری کے لیے علاقے کا محاصرہ کرلیا گیا، مختلف مقامات پر ناکہ بندی اور چیکنگ کا عمل جاری ہے۔

عوام ڈاکوؤں کو پناہ دینے والے عناصر اور دیگر بااثر افراد کی نشاندہی کریں اور سندھ کو جرائم پیشہ افراد سے پاک کرنے میں سندھ رینجرز کی مدد کے لیے رینجرز ہیلپ لائن 1101 یا رینجرز مددگار واٹس ایپ نمبر 03479001111 پر کال یا ایس ایم ایس کے ذریعے فوری اطلاع دیں۔ آپ کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔