Live Updates

میر واعظ کی امت مسلمہ کو نئے سال کی مبارک، مسلمانوں میں اتحاد و اتفاق کی ضرورت پر زور

جمعہ 27 جون 2025 22:46

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 جون2025ء) کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما میر واعظ عمر فاروق نے نئے اسلامی سال کے آغاز پر امت مسلمہ خاص طور پر جموںوکشمیر کے عوام کو دلی مبارکباد دیتے ہوئے اللہ تعالیٰ سے دعا کی ہے کہ نیا سال مسلمانوں کے لیے امن، اتحاد اور قوت کا سال ثابت ہو ۔کشمیر میڈیاسروس کے مطابق میر واعظ عمر فاروق نے آج سرینگر کی تاریخی جامع مسجد میں نماز جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے ایران اسرائیل جنگ بندی کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ ایران کے عوام نے جس حوصلے اور دلیری سے مسلط کی گئی جارحیت اور جنگ کا سامنا کیا ہے وہ قابلِ تحسین ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایرانی قیادت نے جس بردباری سے اس بحران کو سنبھالا، وہ ایک ذمے دار ریاست کی نشانی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مشرقِ وسطیٰ اور دنیا میں امن کو اس وقت تک خطرہ لاحق رہے گا جب تک فلسطینی عوام کے دیرینہ مسئلے کو حل نہیں کیا جاتا اور انہیں انصاف نہیں ملتا۔انہوں نے کہا کہ فلسطینیوں پر مظالم کی تمام حدیں پار ہو چکی ہیں۔ بھوک اور پیاس سے مجبور امداد کے متلاشیوں پر بمباری کی جاتی ہے یہ اتنا تکلیف دہ اور شرمناک ہے کہ بیان نہیں کیا جا سکتااور دنیا خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے ۔

میرواعظ نے کہا کہ آج جب کہ نیا اسلامی سال شروع ہو رہا ہے میں مسلم ممالک سے اپیل کرتا ہوں کہ امت مسلمہ کو درپیش اس سب سے بڑے چیلنج کے خلاف متحد ہوں، فلسطین میں جاری نسل کشی کو روکنے کے لیے کھڑے ہوں اور فلسطینی عوام کے حقوق کی بحالی اور خطے میں پائیدار امن کے لیے عملی اقدامات کریں کیونکہ یہ ان کا اخلاقی فرض ہے۔انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کے لوگ اس شدید آزمائش میں اپنے فلسطینی بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور ان کے صبر و حوصلے کو سلام پیش کرتے ہیں۔

ہم پورے اخلاص سے اللہ تعالیٰ سے دعا کرتے ہیں کہ وہ انہیں اس ظلم وستم سے نجات دے اور ان کو ان کا وطن واپس عطا فرمائے۔انہوں نے کہا کہ درپیش چیلنجوں کا حل حقیقی اتحاد، اسلامی اقدار کی تجدید اور ایک امت بن کر کھڑے ہونے میں ہے۔ اللہ تعالی ہمیں اس کی طاقت اور توفیق عطا فرمائے۔
Live ایران اسرائیل کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات