Live Updates

سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی میں کراچی ہیڈ کوارٹر سمیت سندھ کے دیگر ریجن آفیسز میں رین ایمرجنسی سینٹرز کا قیام

جمعہ 27 جون 2025 22:46

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 جون2025ء) بارشوں میں عمارتی حادثات کے پیش نظر سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی میں کراچی ہیڈ کوارٹر سمیت سندھ کے دیگر ریجن آفیسز میں رین ایمرجنسی سینٹرز کا قیام ، خطرناک اور ناقابل رہائش عمارتوں کو فی الفور خالی کیا جائے ، مکینوں کو انتباہ، تمام رین ایمرجنسی سینٹر 24 گھنٹے فعال رہیں گے۔تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹر جنرل ایس ایس بی سی اے محمد اسحاق کھوڑو کی ہدایات پر ہیڈ کوارٹر کراچی ، ریجن حیدرآباد ، میرپور خاص ، سکھر اور لاڑکانہ میں رین ایمرجنسی فعال کر دیئے گئے ہیں۔

ڈائریکٹر جنرل تمام ایمرجنسی سینٹرز کی مسلسل نگرانی کررہے ہیں۔ قائم کردہ ھنگامی سینٹرز، میں ٹیکنکل عملہ 3 شفٹوں میں 24 گھنٹے ڈیوٹی سر انجام دے گا۔

(جاری ہے)

تاکہ دوران بارش کسی عمارت بلخصوص مخدوش حالات خطرناک عمارتوں میں کسی بھی عمارتی حادثے کی صورت میں متعلقہ انتظامی محکموں اور امدادی انجمنوں کے ساتھ مل کر ھنگامی نوعیت کی ٹیکنیکل امداد و معاونت فراہم کی جا سکے۔

اس سلسلے میں ماہر تعمیراتی انجینئرز پر مشتمل کمیٹی برائے خطرناک عمارات کے مسلسل سروے کے نتیجے میں کراچی کی 588 اور سندھ کے دیگر ریجنز میں 152 سمیت کل 740 عمارتوں کو خطرناک حد تک مخدوش حالت قرار دیتے ہوئے ناقابل رہائش و استعمال قرار دیا جا چکا ہے۔اس حوالے سے ایس بی سی اے کی جانب سے اس زمرے کی عمارتوں کے مکینوں کو ایک بار پھر نوٹسز جاری کئے جاچکے ہیں، جبکہ آگاہی مہم کے سلسلے میں ان عمارتوں کے اطراف لاڈ اسپیکروں سے اعلانات اور ینرز آویزاں کئے جارہے ہیں تاکہ بارشوں کے سبب کسی حادثے کے باعث نقصانات کو کم سے کم کیا جاسکے۔

ایس بی سی اے نے کسی اندوہناک سانحہ سے بچنے کے لئے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر ایسی تمام عمارتوں کے مکینوں ، استعمال کنندہ کو ایک بار پھر متنبہ کیا ہے کہ بارش میں پانی کے رسا کے سبب تباہ حال بنیادی اسٹرکچر کی حامل عمارتوں میں جزوی یا مکمل زمین بوس ہونے کے خدشات میں کئی گنا اضافہ ہو جاتا ہے ۔جبکہ شارٹ سرکٹ سے آتشزدگی کے واقعات بھی مشاہدے میں ہیں اس لئے قیمتی انسانی جان ومال کے تحفظ کی خاطر ان عمارتوں کو فوری خالی کیا جائے۔

جبکہ اس ضمن میں ایس بی سی اے نے پڑوسی عمارتوں کے مکینوں کو ہوشیار رہنے اور عمارت کے قریب نجی و کاروباری سرگرمیوں سے اجتناب کی تاکید کی ہے۔ ایس بی سی اے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ دوران بارش کسی بھی عمارتی حادثے کی اطلاع سمیت اپنے قرب و جوار میں کسی تعمیراتی نقائص یا پرانی مخدوش حالت عمارت کے بارے میں ایس بی سی اے کو فون نمبر 99230939 اور 99232355 یا [email protected] ،اورحیدراباد ریجن میں فون نمبر0229200217 کے ذریعے مطلع کیا جائے۔
Live مون سون بارشیں سے متعلق تازہ ترین معلومات