ایس آئی ایف سی کی کامیاب پالیسیاں،کان کنی شعبہ ترقی کی راہ پر گامزن

پاکستان نے کان کنی کی صنعت میں پہلا گولڈ سرٹیفکیشن حاصل کرلیا

جمعہ 27 جون 2025 20:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 جون2025ء)پاکستان کی کان کنی صنعت نے عالمی سطح پر تاریخ رقم کرتے ہوئے پہلا گولڈ سرٹیفکیشن حاصل کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق ایس آئی ایف سی کی کامیاب پالیسیوں کے باعث کان کنی کا شعبہ ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔ سندھ اینگرو کول مائننگ کمپنی کو تھر میں پانی کے مثر استعمال پر الائنس فار واٹر اسٹیورڈشپ (اے ڈبلیو ایس)گولڈ سرٹیفیکیشن حاصل ہوا ہے۔

ذرائع کے مطابق اے ڈبلیو ایس 2009ء میں اقوام متحدہ اور عالمی اداروں کے اشتراک سے قائم کیا گیا۔ اے ڈبلیو ایس فریم ورک اقوام متحدہ کے ماحولیاتی اہداف سے مکمل طور پر ہم آہنگ ہے۔ اے ڈبلیو ایس سرٹیفیکیشن اداروں کے ذمے دارانہ آبی استعمال کا عالمی سطح پر اعتراف ہے۔دنیا میں پہلی بار کسی بھی کان کنی کمپنی کا اے ڈبلیو ایس گولڈ سرٹیفکیشن حاصل کرنا پاکستان کی نئی تاریخ بن گئی ہے۔

(جاری ہے)

سندھ اینگرو کول مائننگ کمپنی کا جدید واٹر مینجمنٹ ماڈل عالمی سطح پر پائیداری کی مثال بن گیا ہے۔ تھر میں زرعی پروگرام اور مقامی آبادی کیلیے صفائی ستھرائی کے بنیادی ڈھانچے کی فراہمی جیسے تاریخی اقدامات کیے گئے۔تھرکول منصوبے میں 23جدید پلانٹس سے پانی کی فراہمی معاشی ترقی میں اہم سنگ میل بن گئی ہے۔ عالمی سطح پر پاکستان کی کان کنی کے شعبے میں ایس آئی ایف سی کی موثر پالیسیوں کے باعث شاندار پذیرائی حاصل ہو رہی ہے۔