وزیراعلیٰ سندھ کی زیرصدارت محرم الحرام کے انتظامات پر اجلاس

اجلاس میں مختلف مکاتب فکر کے علمائے کرام، وزرا اور شہری اداروں کے نمائندوں کی شرکت محرم قربانی، صبر اور اتحاد کا مہینہ ہے، جلوس کے راستوں کی صفائی اور تمام سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے، مراد علی شاہ

جمعہ 27 جون 2025 21:05

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 جون2025ء)وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی صدارت میں جمعرات کے روز وزیراعلی ہاس میں محرم الحرام کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے اعلی سطح کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں صوبائی وزرا شرجیل انعام میمن، سید ناصر حسین شاہ، سعید غنی، ضیا الحسن لنجار، ریاض شاہ شیرازی، میئر کراچی بیرسٹر مرتضی وہاب، سینیٹر وقار مہدی، انسپکٹر جنرل پولیس، سیکریٹری داخلہ، کمشنر کراچی، پرنسپل سیکریٹری وزیر اعلی اور دیگر اعلی حکام نے شرکت کی۔

کیالیکٹرک، کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ اور سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کے نمائندگان بھی موجود تھے۔ مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے ممتاز علمائے کرام جن میں علامہ سید رضا جعفر، علامہ نثار قلندری، مولانا اصغر شہیدی، مولانا سید بہادر حسن، مولانا صادق جعفری، سید نسیم حیدر اور سید شبیر رضا شامل تھے، نے بھی شرکت کی اور تجاویز پیش کیں۔

(جاری ہے)

وزیر اعلی نے علمائے کرام کو بین المذاہب ہم آہنگی اور خصوصا محرم کے حساس مہینے میں فرقہ وارانہ امن کے فروغ میں ان کی مسلسل کوششوں پر خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ مختلف مکاتب فکر کے علمائے کرام نے ملک خصوصا سندھ میں ہمیشہ محبت، امن اور بھائی چارے کا پیغام دیا ہے۔مراد علی شاہ نے کہا کہ محرم قربانی، صبر اور اتحاد کا مہینہ ہے۔

مجالس اور عاشورا کے جلوس ظلم و ناانصافی کے خلاف ڈٹ جانے کا پیغام دیتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ معاشرے میں امن اور مذہبی ہم آہنگی کے قیام کے لیے ایک دوسرے کے عقائد کا احترام ضروری ہے۔وزیر اعلی نے محرم کے دوران مثر انتظامات کو یقینی بنانے کے لیے علمائے کرام سے تجاویز بھی طلب کیں اور ان کی سفارشات کی روشنی میں فوری ہدایات جاری کیں۔

انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ کراچی، حیدرآباد، سکھر، لاڑکانہ، میرپورخاص، اور شہید بینظیر آباد میں مکمل تیاری یقینی بنائی جائے۔ مقامی حکومتوں کو ہدایت دی گئی کہ تمام علاقوں، خصوصا امام بارگاہوں اور جلوسوں کے راستوں پر صفائی اور نکاسی کا خاص خیال رکھا جائے۔وزیر اعلی نے کے الیکٹرک اور دیگر بجلی فراہم کرنے والے اداروں کو ہدایت دی کہ محرم کے دوران بلا تعطل بجلی کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔مراد علی شاہ نے زور دیتے ہوئے کہا کہ مجالس اور عاشورا کے جلوسوں کے دوران پانی، بجلی اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی میں کوئی کسر نہ چھوڑی جائے۔