کوئٹہ‘ 7 ماہ قبل اغوا کیے جانے والے 10 سالہ طالبعلم کی لاش برآمد

لواحقین کی جانب سے کوئٹہ میں مغوی کی بازیابی کیلئے احتجاجی مظاہرے کیے گئے مگر کچھ نہ ہوا

ہفتہ 28 جون 2025 14:51

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 جون2025ء) کوئٹہ کے علاقے پٹیل باغ سے 7 ماہ قبل اغوا کیے جانے والے 10 سالہ طالب علم مصور کاکڑ کی لاش مستونگ سے برآمد ہوگئی۔گزشتہ سال 15 نومبر کو مقامی تاجر حاجی راز محمد کے 10 سالہ بیٹے مصور خان کو پٹیل باغ سے اٴْس وقت اغوا کیا گیا جب وہ سکول جا رہا تھا۔

(جاری ہے)

اس دوران لواحقین کی جانب سے کوئٹہ میں مغوی کی بازیابی کیلئے احتجاجی مظاہرے کیے گئے مگر کچھ نہ ہوا تاہم اب 7 ماہ بعد پولیس نے مستونگ سے مصور خان کی لاش ملنے کی تصدیق کردی۔

پولیس حکام نے ڈی این اے میچ ہونے کے بعد مصور کے قتل کی تصدیق کی جبکہ صوبائی حکومت نے ننھے طالب علم کی باحفاظت بازیابی میں ناکامی کا اعتراف کرلیا۔پولیس کے مطابق مغوی کی بازیابی کیلئے کوئٹہ اور سندھ میں 2000 سرچ آپریشنز کیے گئے۔ یاد رہے کہ دس سالہ بچے کے اغواء پر بلوچستان بھر میں مظاہرے ہوئے تھے جس پر بلوچستان کے گورنر اور وزیراعلیٰ نے بازیابی کے لیے وسیع پیمانے پر اقدامات کی یقین دہانی کرائی تھی۔