الخدمت فائونڈیشن کے زیراہتمام بنو قابل پروگرام ٹیم کی دوروزہ نیشنل ٹریننگ ورکشاپ کا انعقاد

نوجوانوں کے ہنر کی طاقت سے ہر صوبے مضلع میں انقلاب لاکر ملک کو ہنرمند پاکستان بنائیں گے ‘ حافظ نعیم الرحمن

ہفتہ 28 جون 2025 17:25

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 جون2025ء) الخدمت فائونڈیشن پاکستان کے زیراہتمام دوروزہ بنو قابل نیشنل ٹریننگ ورکشاپ کا انعقاد لاہور میں کیا گیا جس میں ملک بھر سے بنو قابل پروگرام کے ریجنل اور اضلاع کے نمائندگان، ٹرینرز، ماہرین تعلیم اور کوآرڈینیشن ٹیم کے اراکین نے شرکت کی۔ ورکشاپ کا مقصد پروگرام کے دائرہ کار کو وسعت دینا، معیار کو بہتر بنانا، اور آپریشنز، اکیڈمکس، برانڈنگ، جاب پلیسمنٹس، مانیٹرنگ و ایویلوایشن، اور والینٹئر مینجمنٹ کو منظم طریقے سے آگے بڑھانا تھا۔

اختتامی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی پاکستان اور بنو قابل پاکستان کے پیٹرن ان چیف حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ بنو قابل پروگرام پاکستان کا سب سے بڑا آئی ٹی اسکلز ڈیولپمنٹ پروگرام بن چکا ہے جس کے ذریعے ہم نوجوانوں کو جدید مہارتوں سے آراستہ کر کے انہیں خود انحصاری اور باعزت روزگار کی طرف لے جا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

ہمارا عزم ہے کہ ہم ہر ضلع اور شہر میں اس انقلاب کو پھیلائیں اور نوجوانوں کو ہنر مند پاکستان کی بنیاد بنا دیں۔

الخدمت فائونڈیشن پاکستان کے صدر پروفیسر ڈاکٹر حفیظ الرحمن نے کہا کہ بنو قابل صرف ایک تعلیمی پروگرام نہیں بلکہ یہ پاکستان کے نوجوانوں میں ایک نیا اعتماد پیدا کر رہا ہے۔ ہم اس پروگرام کو تمام تحصیلوں تک پھیلانے کے لیے مکمل تیاری کر چکے ہیں اور اب اس کی کامیابی کے لیے اجتماعی کاوشیں جاری رکھیں گے۔دو روزہ ورکشاپ میں مختلف موضوعات پر سیشنز منعقد ہوئے جن میں سیکرٹری جنرل الخدمت سیدوقاص جعفری، سی ای او بنوقابل شاہداقبال ،ڈائریکٹربنوقابل عمیرادریس،کوآرڈنیٹر ویب پورٹل آپریشنز راجہ حارث، ٹرینر فاروق کملانی، اور دیگر ذمہ داران نے اظہارخیال کیا ۔

اس کے علاوہ مختلف ریجنز کی ٹیموں نے اپنی اب تک کی کارکردگی رپورٹ پیش کی اور پروگرام کی بہتری کے لیے تجاویز دیں۔بنو قابل پروگرام کے تحت 28جدید آئی ٹی کورسز پیش کیے جا رہے ہیں جو بین الاقوامی مارکیٹ کی ضروریات کے عین مطابق ہیں۔ ان کورسز میں ڈیجیٹل مارکیٹنگ، گرافک ڈیزائننگ، ویب ڈیولپمنٹ، ایپ ڈیولپمنٹ، تھری ڈی اینیمشن ، ای کامرس، کلاڈ کمپیوٹنگ، ویڈیو ایڈیٹنگ سمیت دیگر انتہائی اہمیت کے حامل آئی ٹی کورسز شامل ہیں۔ورکشاپ کے اختتام پر تمام شرکا کو تعریفی اسناد بھی دی گئیں۔