علامہ سید شاہ تراب الحق قادریؒ کے نویں سالانہ عرس مبارک کا اجتماع بلدیہ میں ہوگا

پیر سید زمان جعفری خصوصی خطاب اور خلیفہ ء مردمومن مفتی ناصر خان قادری ترابی صدارت کریں گے

ہفتہ 28 جون 2025 19:35

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 جون2025ء)عظیم روحانی و علمی شخصیت، خطیب اسلام، مردِ مجاہد حضرت علامہ سید شاہ تراب الحق قادری رحمة اللہ علیہ کے سالانہ عرس مبارک کی پُروقار تقریب آج 29 جون 2025 بروز اتوار، نمازِ عشاء کے بعد جامع مسجد غوث الاعظم،میرعالم روڈ ،رشیدآباد، بلدیہ ٹاؤن کراچی میں منعقد ہوگی، جس کا اہتمام تحریک افکارِ رضا پاکستان کے تحت کیا جا رہا ہے۔

عرس مبارک کی اس روحانی و فکری محفل میں پیر طریقت، خلیفہء تاج الشریعہ پیر سید زمان علی شاہ جعفری خصوصی شرکت و خطاب فرمائیں گے، جبکہ ممتاز عالم دین، خلیفہ مردِ مومن مردِ حق، استاد العلماء و مفتی،چیئرمین تحریک افکاررضاپاکستان محمد ناصر خان قادری ترابی اور سیدالسادات امیر تحریک لبیک پاکستان ضلع کیماڑی کراچی سید کاشف علی رضوی اپنے ایمان افروز خطابات سے شرکاء کے قلوب کو منور فرمائیں گے۔

(جاری ہے)

تقریب میں ملک بھر سے علمائے کرام، مشائخ عظام، مبلغین، دینی کارکنان، سماجی رہنما اور عوام اہلسنّت کی بڑی تعداد کی شرکت متوقع ہے۔ تحریک افکارِ رضا پاکستان کی جانب سے عوام اہل سنت سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ اس سالانہ عرس مبارک کی نورانی تقریب میں بھرپور شرکت کر کے حضرت شاہ تراب الحق قادری رحمة اللہ علیہ سے محبت و عقیدت کا اظہار کریں اور ان کے مشن و پیغام کے احیاء میں اپنا کردار ادا کریں۔

واضح رہے کہ حضرت شاہ تراب الحق قادری رحمة اللہ علیہ نے نہ صرف منبر و محراب سے دین حق کی ترجمانی کی بلکہ سیاست و پارلیمنٹ کے ایوانوں میں بھی ناموس رسالت ﷺ، عقیدہ ختم نبوت، اتحاد امت اور مسلک اہل سنت کے لیے آوازِ حق بلند کی۔ آپ کا شمار ان عظیم المرتبت شخصیات میں ہوتا ہے جنہوں نے اپنی جان، مال، علم اور عمل سب کچھ دین مصطفی ﷺ کے لیے وقف کر دیا۔عرس مبارک کے موقع پر اجتماعی دعا، درود و سلام، منقبت و نعت، اور خطابِات ہوں گے، جبکہ اختتام پر ملک و ملت، امت مسلمہ اور شہدائے اسلام کے لیے خصوصی دعا کی جائے گی۔