کوئٹہ سے اغواء کے بعد شہید کئے گئے تاجر راز محمد کاکڑ کے کمسن بیٹے مصور خان کاکڑ کی تدفین کردی گئی

ہفتہ 28 جون 2025 20:10

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 جون2025ء) کوئٹہ سے اغواء کے بعد شہید کئے گئے تاجر راز محمد کاکڑ کے کمسن بیٹے مصور خان کاکڑ کی تدفین کردی گئی ، شہر میں سوگ کا سماں ، کاروباری مراکز بند رہے ۔ تفصیلات کے ہفتہ کو کوئٹہ کے ریلوے ہاکی گرائونڈ میں اغواء کے بعد شہید کئے جانے والے معصوم بچے مصور خان کاکڑ کی نماز جنازہ ادا کی گئی ۔

نماز جنازہ میں صوبائی وزیر بخت محمد کاکڑ، اراکین اسمبلی حاجی علی مدد جتک ، ملک نعیم بازئی ، آئی جی پولیس معظم جاہ انصاری ،سیاسی ،سماجی و قبائلی رہنمائوں اصغر خان اچکزئی ، عبدالرحیم زیارتوال، ڈاکٹر حامد اچکزئی، ملک نصیر شاہوانی ، ،نصر اللہ زیرے ، مولوی کمال الدین، مبین خلجی، نور خان خلجی، غلام بنی، موسیٰ بلوچ، رشید خان ناصر، یوسف خان کاکڑ، ایوب مریانی ، ملنگ خان کاکڑ، ملک مجید کاکڑ، ، عبدالقادر لونی ، قاری مہر اللہ، علامہ ہاشم موسوی، علامہ ولایت حسین جعفری، عبدالجبار خلجی سمیت ہزاروں کی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر انتہائی رقت آمیز مناظر بھی دیکھائی دئیے ۔بعدازاں مصور خان کاکڑ کو آہوں اور سسکیوں کے ساتھ کاسی قبرستان میں سپرد خاک کردیاگیا ۔ مصور خان کاکڑ کے اغواء اور قتل کے بعدکوئٹہ شہر کی فضاء سوگوار رہی ہفتہ کو تاجروں نے جزوی طور پر ہڑتال کی جبکہ شہر کی سوناروں کی دکانیں مکمل طور پر بند رہیں ۔ واضح رہے کہ مصور خان کاکڑ کو 15نومبر کو کوئٹہ سے اسکول جاتے ہوئے اغواء کیا گیا تھا جبکہ بچے کی لاش مستونگ کے علاقے سے چند روز قبل برآمدہوئی تھی ۔