محرم الحرام انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے کمشنر بہاولپور مسرت جبیں کا آر پی او رائے بابر علی کے ہمراہ ضلع کا دورہ

q حفاظتی اقدامات اور جلوسوں کے روٹس کے حوالے سے بریفنگ لی

ہفتہ 28 جون 2025 21:35

> رحیم یار خان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 28 جون2025ء)محرم الحرام انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے کمشنر بہاولپور مسرت جبیں کا آر پی او رائے بابر علی کے ہمراہ ضلع کا دورہ، حفاظتی اقدامات اور جلوسوں کے روٹس کے حوالے سے بریفنگ لی، مرکزی امام بار گاہوں اور جلوسوں کے روٹس، ضلعی کنٹرول روم اور سیف سٹی آفس کا دورہ،منتظمین و اراکان امن کمیٹی سے ملاقات کرتے ہوئے محرم الحرام انتظامات بارے معلومات حاصل کیں۔

ڈپٹی کمشنر خرم پرویز نے ڈی پی او عرفان علی سموں کے ہمراہ سیکورٹی و انتظامی امور بارے بریفنگ دی۔ اس موقع پرایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(جنرل) عرفان انور، اسسٹنٹ کمشنر عبدالحنان خان،ایڈ منسٹریٹر آفیسر ریاست علی، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر لیاقت چوہان سمیت دیگر متعلقہ محکموں کے افسران ہمراہ موجود تھے۔

(جاری ہے)

کمشنر بہاولپور ڈویڑن مسرت جبیں نے کہا کہ عشرہ محرم الحرام کے دوران وحدت المسلمین کے افکار پر عمل پیرا ہواکراتجاد و اتفاق کو اجاگر کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر ڈویڑن بھر میں انتظامیہ و پولیس کی طرف سے بھرپور انتظامی وحفاظتی اقدامات مکمل ہیں اور جلوسوں کے روٹس کے مقامات پر صفائی،پیج ورک،لائٹنگ کے معیاری انتظامات کئے گئے ہیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ جلوسوں اور مجالس کے روٹس پر ہیلتھ کیمپس، سبیلوں کے کیمپس فنکشنل رہیں گے جبکہ گرمی کی شدت کے باعث ہیلتھ کیمپس میں او آر ایس اضافی مقدار میں موجود ہونا چاہیے۔

وزیر اعلیٰ کی ہدایت پرجلوسوں و مجالس کے روٹس پر عزاداروں کی سہولت کے لئے موبائل پبلک ٹوائلٹس بنائے گئے ہیں۔پولیس اور ضلعی انتظامیہ اپنی ذمہ داریاں احسن انداز میں انجام دینے کے لئے فرنٹ فٹ پر ہیں۔انہوں نے امام بارگاہوں کا دورہ کرتے ہوئے کہا کہ منتظمین بھی اپنے رضاکاروں کو چوکس اور اداروں سے تعاون کی تلقین کریں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ جلوسوں و مجالس کی سیکورٹی کے لئے مختلف مقامات سے بند کئے جانے والے راستوں کا متبادل روٹس عوام کو فراہم کیا جائے اور عوامی سہولت و آگہی کے لئے متبادل راستوں کی موثر تشہیر اور جلوس و مجالس کے اختتام پر راستے فوری کھولے جائیں۔

ریجنل پولیس آفیسر رائے بابر علی نے کہا کہ ملکی سلامتی و امن و امان کیلئے تمام ادارے متحرک ہیں۔ جلوس، مجالس اور عبادت گاہوں کی سیکورٹی کے لئے فول پروف سیکورٹی انتظامات کئے گئے ہیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ جلوسوں اور امام بارگاہوں کی ٹائمنگز اور مقررہ راستوں کی مکمل پابندی کو یقینی بنایا جائے تمام جلوسوں و مجالس کی سی سی ٹی وی کیمروں سے مانیٹرنگ کی جائے گی۔

سی سی ٹی وی کیمرے ضلعی کنٹرول رومز اور ہوم ڈیپارٹمنٹ پنجاب سے منسلک ہونے چاہیے ہیں۔ عوام قیام امن کے لئے شرپسند عناصر پر نظر اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کی اطلاع پولیس کو دیں۔ ڈپٹی کمشنر خرم پرویز نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ محرم الحرام کے پر امن انعقاد کے لئے ضلع بھرمیں دفعہ144نافذ ہے جبکہ مذہبی رواداری اور عوامی سہولت کے لئے محرم الحرام کے ایام میں ضابطہ اخلاق بھی جاری کیا گیا ہے جس پر سختی سے عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے گا۔

تمام تحصیلوں میں اسسٹنٹ کمشنرز کو بھی واضح ہدایات ہیں کہ وہ جلوس و مجالس منتظمین کے ساتھ رابطہ میں رہیں جبکہ جلوسوں کے روٹس پر پیچ ورک، لائٹنگ، تجاوزات کا خاتمہ، صفائی ستھرائی اور دیگر امور کو مکمل کر لیا گیا ہے۔ڈی پی او عرفان علی سموں نے بتایا کہ ضلع بھر میں 226جلوسوں اور457مجالس کی سیکورٹی کے لئی4ہزار سے زائد پولیس افسران، اہلکار تعینات، رینجرز، ایلیٹ فورس اور پنجاب کانسٹیبلری کی اضافی نفری بھی تعینات کی جائے گی۔تمام جلوس و مجالس کی جدید ٹیکنالوجی، سی سی ٹی وی کیمروں، جیمرز، سنیفر ڈاگز،واک تھرو گیٹس، خار دار تاریں اور دیگر آلات سے مانیٹرنگ کی جائے گی۔