اٹھارویں ترمیم کے تحت انسداد منشیات کے محکمے کی صوبوں کو منتقلی کے بعد قوانین میں ترامیم کی گئی ہیں، مکیش چاولہ

محکمہ ایکسائز و نارکوٹکس کنٹرول سندھ انسداد منشیات کے لئے اہم کردار ادا کر رہا ہے ،انسداد منشیات فورس کے لیے سرکاری سطح پر تیار کردہ اسلحہ اور بلٹ پروف جیکٹس سمیت آلات کی خریداری کی گئی ہے،صوبائی وزیرایکسائز

ہفتہ 28 جون 2025 21:45

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 جون2025ء)صوبائی وزیر ایکسائز، ٹیکسیشن و نارکوٹکس کنٹرول سندھ مکیش کمار چاولہ نے کہا ہے کہ اٹھارویں ترمیم کے تحت انسداد منشیات کے محکمے کی صوبوں کو منتقلی کے بعد قوانین میں ترامیم کی گئی ہیں، محکمہ ایکسائز و نارکوٹکس کنٹرول سندھ انسداد منشیات کے لئے اہم کردار ادا کر رہا ہے، ہم انسداد منشیات اور منشیات فروشوں کے خلاف سخت سزاں کے لیے خصوصی عدالتیں بھی قائم کر رہے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ وقت کے ساتھ منشیات فروشی و منشیات اسمگلنگ جدید و خطرناک ہوگئی ہے لہذا محکمہ نارکوٹکس کنٹرول سندھ کے لیے سرکاری سطح پر تیار کردہ اسلحہ اور بلٹ پروف جیکٹس سمیت آلات کی خریداری کی گئی ہے، پچھلے تین سالوں سے انسداد منشیات سے متعلق عالمی اداروں سے بات چیت چل رہی ہے، انسداد منشیات کے لئے ہائی ویز پر چیک پوسٹیں قائم کی جائیں گی اور وائرلیس سسٹم بھی جلد شروع ہوجائے گا۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر ایکسائز سندھ مکیش کمار چاولہ نے محکمہ نارکوٹکس کنٹرول سندھ کے افسران کو اسلحہ و ضروری آلات کی تقسیم کی تقریب میں شرکت اور میڈیا نمائندگان کو تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سیکریٹری ایکسائز سندھ محمد سلیم راجپوت، ایڈیشنل سیکریٹری ابوالاعلی بھٹی، ڈائریکٹر جنرل نارکوٹکس کنٹرول سندھ اورنگزیب پنھور، ڈی جی ایکسائز سندھ اقبال لغاری و دیگر افسران موجود تھے۔

صوبائی وزیر ایکسائز مکیش کمار چاولہ نے کہا کہ منشیات کے استعمال اور خاتمے کے لیے ہماری ہائی پاور کمیٹی کے اجلاس منعقد ہوئے ہیں جس میں متعلقہ اداروں، اساتذہ اور والدین بھی کمیٹی کا حصہ ہیں، تعلیمی اداروں کے سربراہان اور والدین کے تعاون سے بچوں کی نگرانی کرسکیں گے اور مشترکہ کاوشوں سے طلبہ میں منشیات کے رجہان کو روکیں گے۔ انھوں نے کہا کہ انسداد منشیات میں حکومت کے ساتھ سب سے اہم کردار سول سوسائٹی اور میڈیا کا بنتا ہے، ہم سب کا فرض ہے کہ ہم نئی نسل کو منشیات کی لعنت سے محفوظ بنائیں۔

صوبائی وزیر مکیش کمار چاولہ نے میڈیا بریفنگ کے توسط سے والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں پر خصوصی نظر رکھیں۔ میڈیا نمائندگان کے سوالات کے جواب میں انھوں نے کہا کہ ہم نے سال 2024-25 کے ٹیکس ٹارگٹ پورے کئے ہیں، نئے مالی سال میں پروفیشنل ٹیکس ختم کردیا ہے جبکہ کاٹن اور انٹرٹینمنٹ ٹیکس بھی ختم کیا گیا۔ انھوں نے مزید بتایا کہ ہم نے ٹارگٹ سے زیادہ ریکوری کی ہے جبکہ ہمیں نئے مالی سال کے لیے 210 ارب روپے کا ہدف ملا ہے۔

صوبائی وزیر مکیش کمار چاولہ نے کہا کہ حالیہ افتتاح کے گئے فیسیلیٹیشن سینٹر پر محض26 دنوں میں اچھا رسپانس ملا ہے جہاں دو تین سو سے زیادہ لوگ روزانہ آرہے ہیں، ایک کورنگی ایک سائیٹ ایریا میں فیسیلیٹیشن سینٹر کھولیں گے جبکہ ہم نے 24گھنٹے سروس شروع کردی ہے اور اس سلسلے میں بوٹ بیسن سینٹر چوبیس گھنٹے آج سے کام شروع کرچکا ہے۔ انھوں نے متنبہ کیا کہ 14 اگست کے بعد پرانی نمبر پلیٹس کیخلاف منظم کارروائی ہوگی، ہمارے پاس تقریبا ایک لاکھ تیار نمبر پلیٹس پڑی ہوئی تھیں جو گاڑی مالکان وصول نہیں کررہے تھے لیکن مہم کے بعد اس رفتار میں اضافہ ہوا ہے۔

بعد ازاں صوبائی وزیر مکیش کمار چاولہ نے محکمہ نارکوٹکس کنٹرول کراچی، حیدرآباد و سکھر کے ڈائریکٹرز کو حفاظتی اسلحہ اور ضروری سامان فراہم کیا جبکہ جدید طریقہ واردات کے ذریعے منشیات کی اسمگلنگ کے ثبوت بھی صحافیوں کے سامنے پیش کیے۔