عمر عبداللہ پر بی جے پی کے ایجنڈے کو آگے بڑھارہے ہیں، وحیدپرہ

عمر عبداللہ نے 50نشستیں حاصل کرنے کے بعد عوامی جدوجہد کے پورے بیانیے کو صرف ریاستی حیثیت کی بحالی تک محدود کردیا

اتوار 29 جون 2025 14:25

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 جون2025ء)غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرمیں پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کے رہنما اور رکن اسمبلی عبدالوحید پرہ نے کہاہے کہ وزیر اعلی عمر عبداللہ اور ان کی پارٹی بھارتیہ جنتا پارٹی کے ایجنڈے کو آگے بڑھا رہے ہیں۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق وحید پرہ نے ضلع اسلام آباد کے علاقے ڈورو میں ایک پارٹی پروگرام کے دوران صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمر عبداللہ نے 50نشستیں حاصل کرنے کے بعد عوامی جدوجہد کے پورے بیانیے کو صرف ریاستی حیثیت کی بحالی تک محدود کردیا ہے۔

انہوں نے کہا ہم سب نے دفعہ370اور خصوصی حیثیت کی بحالی کے وعدے پر الیکشن لڑا لیکن جب اسمبلی کا اجلاس بلایاگیا تو نیشنل کانفرنس نے اپنا ایجنڈا ایوان کی کارروائی ،ملازمین کی تبدیلیوں اورریاستی حیثیت کی بحالی تک محدود کردیا جو بی جے پی کا بیانیہ ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے اس تبدیلی کو نیشنل کانفرنس کے اصولی موقف سے بہت بڑا انحراف قرار دیتے ہوئے کہاکہ وہ خصوصی حیثیت سے اب ریاستی حیثیت پر آگئے ہیں جو بی جے پی کا مطالبہ ہے۔

ہم بھی ریاستی حیثیت کی بحالی کے خواہاں ہیں، لیکن ہماری بنیادی جدوجہد دفعہ370کی بحالی، انصاف ، سیاسی مذاکرات اور سیاسی قیدیوں کی رہائی کے لیے ہے۔پی ڈی پی لیڈر نے کہا کہ لوگوں کو درپیش مشکلات میں انتخابات بعد بھی کوئی کمی نہیں آئی۔انہوں نے کہاکہ ملازمین کو پہلے بھی برطرف کیاجارہا تھا اور اب بھی نکالا جا رہا ہے، نوجوان تب بھی جیلوں میں تھے اور اب بھی جیلوں میں ہیں،سیاسی قیدیوں کو پہلے بھی کشمیر سے باہر منتقل کیا جارہاتھااور یہ سلسلہ اب بھی جاری ہے۔

جائیدادیں تب بھی ضبط کی جا رہی تھیں اور اب بھی کی جارہی ہیں، بے روزگاری پہلے کی طرح بڑھ رہی ہے۔ لوگوں کو اب بھی زمینوں سے بے دخل کیا جا رہا ہے۔وحیدپرہ نے کہا کہ اتنا بڑا مینڈیٹ ملنے کے باوجود تمام ارکان اسمبلی اب صرف ٹرانسفر، پوسٹنگ اور ریاستی حیثیت کی بات کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ ریاست کا درجہ واپس آئے لیکن اس کے ساتھ ساتھ ہماری بنیادی جدوجہد دفعہ370کی واپسی، اپنے سیاسی قیدیوں کی رہائی، سیاسی عمل اور مذاکرات کی بحالی کے لیے ہے۔ یہ ہم سب کے لیے سب سے اہم چیز ہے۔