ارومچی میں یورو-ایشیا نمائش جاری، پاکستان پویلین کا افتتاح کر دیا گیا،پاکستانی آم شرکا کی توجہ کا مرکز بن گئے

اتوار 29 جون 2025 16:55

ارومچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 جون2025ء)سنکیانگ کے شہر ارومچی میں جاری یورو-ایشیا نمائش میں پاکستان پویلین کا باضابطہ افتتاح کر دیا گیا،یہ پاکستان اور چین کے درمیان اقتصادی تعلقات کو مزید گہرا کرنے اور ثقافتی تبادلے کو فروغ دینے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔چائنہ اکنامک نیٹ کے مطابق اس موقع پر دونوں ممالک کے درمیان علاقائی تعاون اور عوامی روابط کی اہمیت کو اجاگر کیا گیا۔

پویلین نے شرکا کی بھرپور توجہ حاصل کی، جہاں پاکستانی آم جنہیں ’’پھلوں کا بادشاہ‘‘ کہا جاتا ہے سب سے نمایاں توجہ کا مرکز بنے۔ سیکڑوں وزیٹرز نے پاکستانی آموں کا ذائقہ چکھا اور ان کے بارے میں جاننے میں دلچسپی لی جو نہ صرف ذائقے سے بھرپور بلکہ پاکستان کی زرعی قوت اور چینی مارکیٹ میں برآمدی صلاحیت کو بھی نمایاں کر تے ہیں۔

(جاری ہے)

چائنہ اکنامک نیٹ کے مطابق اس سال کی نمائش میں پہلی بار نیشنل لاجسٹکس کارپوریشن (این ایل سی )اور پاکستان گرین انیشی ایٹو نے بھی شرکت کی، جس نے پویلین میں ایک نیا پہلو شامل کیا۔

دونوں اداروں نے چینی کمپنیوں اور اداروں کے ساتھ ملاقاتیں کیں تاکہ لاجسٹکس، گرین ٹیکنالوجی، اور پائیدار ترقی کے شعبوں میں تعاون کے مواقع تلاش کیے جا سکیں جو چین-پاکستان اقتصادی راہداری ( سی پیک)کے وسیع تر اہداف سے ہم آہنگ ہیں۔چائنہ اکنامک نیٹ کے مطابق زرعی مصنوعات کے علاوہ پاکستان کے پویلین میں اعلی معیار کی مختلف اقسام کی اشیا بھی نمائش کے لیے پیش کی گئیں ہیں، جن میں زیورات، چمڑے کے ملبوسات، لگڑری بیگز، روایتی ہنر و دستکاری، اور جدید ملبوسات شامل ہیں۔ ان اشیا نے نہ صرف پاکستان کے ثقافتی ورثے کو اجاگر کیا بلکہ ٹیکسٹائل اور ڈیزائن مینوفیکچرنگ میں اس کی بڑھتی ہوئی صلاحیتوں کو بھی نمایاں کیا۔