ا*لاہور میں موسلادھار بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا، متعدد فیڈرز ٹرپ

شملہ پہاڑی، ایبٹ روڈ، ڈیوس روڈ، مال روڈ، شادمان، گلبرگ، سکیم موڑ، مغلپورہ، دھرمپورہ، ایئرپورٹ، یتیم خانہ کی سڑکوں پر پانی جمع پنجاب بھر میں بارشیں ریکارڈ کی گئیں، ڈی جی پی ڈی ایم اے کیشہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور محفوظ مقامات پر رہنے کی ہدایت

اتوار 29 جون 2025 20:20

ؐ لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 29 جون2025ء) لاہور اور گردونواح میں شدید طوفانی ہواؤں اور موسلادھار بارش سے گرمی اور حبس کا زور ٹوٹ گیا، جبکہ موسم خوشگوار ہو گیا۔شہر کے مختلف علاقوں جن میں شملہ پہاڑی، ایبٹ روڈ، ڈیوس روڈ، مال روڈ، شادمان، گلبرگ، سکیم موڑ، مغلپورہ، دھرمپورہ، ایئرپورٹ، یتیم خانہ، علامہ اقبال ٹاؤن، وحدت روڈ، مصطفیٰ ٹاؤن اور مسلم ٹاؤن شامل ہیں، میں شدید بارش اور آندھی کے باعث سڑکوں پر پانی جمع ہو گیا اور بجلی کی فراہمی بھی متاثر ہوئی۔

لیسکو ترجمان کے مطابق بارش اور آندھی کے باعث 178 فیڈرز ٹرپ کر گئے، جس کے نتیجے میں متعدد علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی ہے۔ بحالی کا عمل جاری ہے۔ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق لاہور ایئرپورٹ پر 65 ملی میٹر، چکوال میں 32 ملی میٹر اور ڈیرہ غازی خان میں 14 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

(جاری ہے)

اٹک، نورپور تھل، نارووال، قصور، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، بھکر اور خانیوال سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع میں بھی ہلکی اور درمیانی شدت کی بارشیں ریکارڈ کی گئیں۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا کے مطابق مون سون بارشوں کا یہ سلسلہ یکم جولائی تک جاری رہے گا، جبکہ آئندہ 24 گھنٹوں میں مزید بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔انہوں نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ آسمانی بجلی کی گرج چمک کے دوران کھلے مقامات سے گریز کریں، گاڑی کی رفتار آہستہ رکھیں، اور مناسب فاصلہ اختیار کریں تاکہ کسی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔ایمرجنسی کی صورت میں شہری پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر فوری رابطہ کریں۔