ٹ*نفرت انگیز بیانیے معاشرتی ترقی وامن کیلئے خطرہ ہیں:ڈاکٹرراغب نعیمی

ی*علماء معاشرے میں اخوت وبھائی چارے ،روادری کو فروغ دیں:چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل

اتوار 29 جون 2025 20:35

ی لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 29 جون2025ء) چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل علامہ ڈاکٹرراغب حسین نعیمی نے کہاہے کہ نفرت انگیز بیانیے معاشرتی ترقی وامن کیلئے خطرہ ہیں۔علماء معاشرے میںاخوت وبھائی چارے اورروادری کو فروغ دیں۔علماء کرام معاشرتی ہم آہنگی اور مذہبی رواداری کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کر سکتے ہیں اس لیے وہ منبر و محراب کے ذریعے محرم الحرام میں امن،اتحاداوریگانگت کے پیغام دیں۔

اسلام امن و سلامتی کا دین ہے جو اخوت،یکجہتی،محبت،بھائی چارہ اوراحترام انسانیت اور خدمت انسانیت کا درس دیتا ہے۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے جامعہ نعیمیہ میں برطانیہ سے آئی معروف روحانی پیشوا صاحبزادہ پیرسید محمداحسن شاہ نوشاہی ،قادری کی سربراہی میں ملنے والے وفدسے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

دینی رہنمائوں نے علمی ،تحقیقی ،فقہی وفلاحی اورعالم اسلام کودرپیش چیلنجز سمیت دیگر باہمی دلچسپی کے امور پرتبادلہ خیال کیا۔

ملاقات کرنیوالے میں قاضی عبدالغفار،صاحبزادہ پیر محمدحفیظ اظہر،مفتی محمدعمران حنفی،قاری محمدرفیق نقشبندی شامل ہیں۔وفد نے مفتی محمدحسین نعیمیؒ،شہید پاکستان ڈاکٹرمحمدسرفراز نعیمی شہیدؒ کے مزارات پرحاضری دی،وفد نے کمپیوٹرلیب،لائبرری حال،مختلف کلاس رومز کابھی دورہ کیا۔پیرسید محمداحسن شاہ نوشاہی نے ادارے کی تعلیمی وفلاحی خدمات کوسراہتے ہوئے کہاکہ ڈاکٹر سرفراز نعیمی شہید کی دینی، ملی اور قومی خدمات لائق تحسین ہیں۔مدارس فروغ تعلیم اوراصلاح معاشرے میں اہم کردار ادا کررہے ہیں۔