Live Updates

بلوچستان میں موسمیاتی تبدیلی کے اقدامات کیلئے آئندہ مالی سال کے بجٹ میں 500 ملین روپے مختص

پیر 30 جون 2025 14:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 جون2025ء) بلوچستان حکومت نے آئندہ مالی سال 26-2025 کے بجٹ میں موسمیاتی تبدیلی فنڈ کے تحت 500ملین روپے مختص کئےہیں ، جس کا مقصد صوبہ میں موسمیاتی تبدیلی کے اقدامات کی مالی معاونت ہے ۔ بلوچستان میں پائیدار ترقی کے اہداف (ایس جی ڈیز) کےتحت سماجی، معاشی اور ماحولیاتی تحفظ کے اقدامات کو یقینی بنایا جارہاہے ۔

معروف تجزیہ کار عبداللہ خان کی رپورٹ کے مطابق ملک کے 45 فیصد رقبہ پر مشتمل صوبہ بلوچستان پاکستان کے ساحلوں میں دو تہائی کا شراکتدار ہے تاہم بلوچستان کو زلزلوں ،سیلابوں ، خشک سالی اور قدرتی آفات وغیرہ کے مسائل کا سامنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ 2022 میں بلوچستان کے 34 میں سے 22 اضلاع قدرتی آفات سے متاثر ہوئے ۔

(جاری ہے)

سیلاب اور بارشوں کے باعث صوبہ کی 6.9 ملین ایکڑزراراضی متاثر ہوئی جس سے زراعت کے شعبہ کو 10ارب روپے نقصانات کا سامناکرنا پڑا جبکہ سیلاب میں ایک لاکھ 68 ہزار جانور بہہ گئے او ر ماہی گیری کے شعبہ کو 2.5 ارب روپے ، 2280 کلو میٹر طویل سڑکوں ، 43 پلوں اور سیلاب سے بچائوکے 219 بند سمیت اہم بنیادی ڈھانچہ شدید متاثر ہوا ۔

انہوں نے کہاکہ صوبہ میں طویل مدت کیلئے موسمیاتی لچک کو یقینی بنانے کیلئے بلوچستان کی حکومت نے موسمیاتی تبدیلی فنڈ کا آغاز کیا ہے جو قابل ستائش عمل ہے ، جس کیلئے موسمیاتی تبدیلیوں سے متاثرہ اضلاع میں مختلف منصوبے مکمل کئے جائیں گے ۔ انہوں نے مزید کہاکہ بلوچستان حکومت صوبہ میں آبی وسائل کی بہتری ، بنیادی ڈھانچے اور زرعی شعبہ کی ترقی کیلئے مقامی اور غیر مقامی سرمایہ کاری کو متوجہ کرے تاکہ پائیدار ترقی کے سماجی ، معاشی اور ماحولیاتی تحفظ کے اہداف کا حصول یقینی بنایا جا سکے۔\395
Live بجٹ 26-2025ء سے متعلق تازہ ترین معلومات