بھارتی فورسزکا پلوامہ میں نظربندکشمیری حریت پسند کے گھر پر چھاپہ

ْآپریشن کے دوران فورسز اہلکاروںنے گھر یلو سامان کی توڑ پھوڑ کی اور اہل خانہ کو ہراساں کیا

پیر 30 جون 2025 14:30

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 جون2025ء)غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرمیںبھارتی فورسز نے جیل میں نظر بند ضلع پلوامہ سے تعلق رکھنے والے کشمیری حریت پسندکے گھر پر چھاپہ مارا ہے۔کشمیر میڈیاسروس کے مطابق فورسز اہلکاروںنے ضلع کے علاقے پامپور ہ میں محمد مقبول وانی نامی ایک نظربند کارکن کے گھر پر چھاپہ مارا۔

فورسز اہلکاروں نے چھاپے کے دوران مکینوں کو ہراساں کیا اور موبائل فونز اور ڈیجیٹل آلات سمیت اہم دستاویزات کو اپنے قبضے میں لے لیا۔

(جاری ہے)

آپریشن کے دوران فورسز اہلکاروںنے گھر یلو سامان کی توڑ پھوڑ کی اور اہل خانہ کو ہراساں کیا۔یہ کارروائی قابض حکام کی ایک بڑی مہم کا حصہ ہے جس کے تحت بی جے پی کی زیر قیادت قابض انتظامیہ نے سرینگر سمیت وادی کشمیر اور جموں خطے کے مختلف اضلاع میں چھاپوں اور تلاشی کارروائیوں کا سلسلہ جاری رکھاہوا ہے۔

مقامی لوگوں اور مبصرین کا کہنا ہے کہ یہ کارروائیاں اختلاف رائے کو دبانے اور تنازعہ کشمیر کے حل کا مطالبہ کرنے والی آوازوں کو خاموش کرنے کی دانستہ کوشش ہے۔صرف گزشتہ دو مہینوں میں اس طرح کی سینکڑوں کارروائیاں کی گئی ہیں جن میں بھارتی فورسز اورایجنسیوںکی طرف سے محاصرے اور تلاشی کی کارروائیاں اور چھاپے شامل ہیں۔