اقوام متحدہ کا فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی آباد کاروں کے بڑھتے ہوئے تشدد پر تشویش کا اظہار

پیر 30 جون 2025 14:55

نیو یارک(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 جون2025ء)اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کمیشن نے مقبوضہ مغربی کنارے کے شہر رام اللہ میں فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی آباد کاروں کے بڑھتے ہوئے حملوں پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ الگ تھلگ واقعات نہیں ہیں۔ غیرملکی میڈیا کے مطابق اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق (او ایچ سی ایچ آر)کے دفتر کے ترجمان ثمین الخیطان نے کہا کہ درجنوں مسلح آباد کاروں نے 25 جون کو رام اللہ اور نابلس کے متعدد دیہاتوں پر مربوط حملے کیے، فلسطینیوں کی گاڑیوں اور گھروں کو آگ لگا دی اور گولہ بارود سے فائرنگ کی۔

انہوں نے مزید کہا کہ اسرائیلی قابض فوج نے رام اللہ کے قریب ایک گاں میں حملے کے دوران 3 فلسطینیوں کو شہید کر دیا جبکہ 6 افراد زخمی ہوئے۔

(جاری ہے)

او ایچ سی ایچ آر کے ترجمان نے کہا کہ اسرائیلی فوج نے دعوی کیا کہ فلسطینیوں نے اسرائیلی آباد کاروں اور سکیورٹی فورسز پر پتھرائو کیا اورا ن کے خلا ف آتشیں اسلحہ استعمال کیا ۔انہوں نے مزید کہا کہ مغربی کنارے میں مقیم فلسطینی آبادی کے تحفظ کی ذمہ داری کے باوجود اسرائیلی افواج یہودی آبادکاروں کو فلسطینیوں پر حملوں سے روکنے کی کوئی کوشش نہیں کرتیں ۔

ترجمان نے او ایچ سی ایچ آر کی رپورٹس کا حوالہ دیا جس سے پتہ چلتا ہے کہ 7 اکتوبر 2023 سے مغربی کنارے میں اسرائیلی آباد کار اپنے حملوں میں اب تک 14 فلسطینیوں کو قتل کر چکے ہیں جن میں 2 بچے بھی شامل ہیں۔