Live Updates

ار اکین کی معطلی کے خلاف اپوزیشن کااسمبلی کے باہر سپیکر ،حکومت کے خلاف شدید احتجاج ، عدالت جانے کا اعلان

اسمبلی میں نہیں بیٹھیں گے،ہمارا بائیکاٹ سپیکر کے رویے پر دھبہ ہو گا ،اراکین کی بحالی تک اپنی اسمبلی باہر لگایا کرینگے‘ احمد خان بھچر ہمیں جس عمل پر سزا دی جارہی ہے حکومتی اراکین کو اسی عمل پر شاباش دی جاتی ہے،سپیکر جانبدار ہو چکے ہیں ‘ قائد حزب اختلاف

پیر 30 جون 2025 17:45

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 جون2025ء) 26ار اکین کی معطلی کے خلاف اپوزیشن نے اسمبلی کے باہر سپیکر اور حکومت کے خلاف شدید احتجاج کیا ، قائد حزب اختلاف ملک احمد خان بھچر نے اراکین کی معطلی کے اقدام کو عدالت میں چیلنج کرنے کا اعلان کر دیا ۔ احتجاج کے دوران اپوزیشن اراکین کی جانب سے سپیکر اور حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی گئی ۔

قائد حزب اختلاف ملک احمد خان بھچر نے معطل اراکین کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایوان کے اندر آئین وقانون پر عمل نہیں ہو رہا بلکہ اس خاندان کی اجارہ داری قائم کی جا رہی ہے،صرف 26 اراکین کو کیوں معطل کیا گیا، سب نے احتجاج کیا تو سب کو معطل کیا جاتا ،ہمارے اراکین کو پہلے معطل، پھر جرمانہ اور اب ان کے خلاف تحاریک عدم اعتماد لا کر انہیں چیئرمین شپ سے ہٹایا جا رہا ہے ،ہم وزیراعلی مریم نواز کے خلاف احتجاج اس لئے کر رہے ہیں کہ وہ بتائیں کہ انہوں نے ہم پر کتنے ظلم ڈھائے ہیں،ہم اس ظلم پر خاموش ہو کر نہیں بیٹھ سکتے،ہم ہر فورم پر احتجاج جاری رکھیں گے ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ سپیکر ہمیںآئین اور قانون کی کتابیں پڑھ کر سناتے ہیں،سپیکر کو کہا ہے ہمیں صرف سزائے موت دینا رہ گئی ہے،ہمیں جس عمل پر سزا دی جارہی ہے حکومتی اراکین کو اسی عمل پر شاباش دی جاتی ہے،سپیکر جانبدار ہو چکے ہیں ،یہ کسٹوڈین آف دی ہائوس تھے لیکن اب نہیں رہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں کوئی ویڈیو ثبوت نہیں دکھایا گیا ،ہمارے 26 اراکین کو معطل کرنے کا مقصد ریکوزیشن سے بچانا ہے،کیا یہ سمجھتے ہیں کہ ہم صرف سرکاری گاڑیوں کے لئے حکومت کے سامنے جھک جائیں گی ،،سپیکر کے ہر اقدام کو عدالت میں چیلنج کریں گے ۔

انہوں نے کہا کہ یہ حکومت 10 کھرب کا حساب کیوں نہیں دیتی،کیا یہ زمینی خدا بن چکے ہیں،ہمارا سپیکر کے رویے کے خلاف بائیکاٹ ہے،اب ہم اس اسمبلی میں نہیں بیٹھیں گے،ہمارا بائیکاٹ سپیکر کے رویے پر دھبہ ہو گا ،ہم سپیکر یا حکومت کے سامنے سر جھکا کر نہیں بیٹھیں گے ،ہماری قیادت جیل میں ہے تو ہم ان کے سامنے خاموش کیوں رہیں،اب آئین اور قانون کی جنگ کا وقت آ گیا ہے،ہم اراکین کی بحالی تک اپنی اسمبلی باہر لگایا کریں گے ،اس وقت کی اسمبلی جعلی ہے، یہ لوگ استعفیٰ دیں ،ہم عوام سے حقیقی ووٹ لے کر آئے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 26ویں ترمیم کے بعد ہمیں عدالت سے انصاف کی توقع نہیں لیکن ہم پھر بھی عدالت سے رجوع کریں گے ۔
Live ایران اسرائیل کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات