ق*صوبائی وزیر برائے اقلیتی امور رمیش سنگھ اروڑہ سرکاری دورے پر برطانیہ پہنچ گئے

م*آل پارٹیز پارلیمنٹرین گروپ،برٹش سکھ کی 20 ویں سالگرہ کی تقریب میں شرکت کریں گے ٴْمقیم سکھ رہنماؤں سے ملاقاتیں کریں گے اور سکھ ورثے کے تحفظ کیلئے اقدامات سے آگاہ کرینگے

پیر 30 جون 2025 18:35

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 30 جون2025ء) پنجاب کے وزیر برائے اقلیتی امور، رمیش سنگھ اروڑہ سرکاری دورے پر برطانیہ پہنچ گئے ہیں۔ وہ لندن میں برطانوی پارلیمنٹ میں منعقد ہونے والی All-Party Parliamentary Group (APPG) for British Sikhs کی بیس سالہ خدمات کی تکمیل پر منعقدہ سالگرہ کی تقریب میں شرکت کریں گے۔یہ اہم تقریب APPG کے چیئرمین رکنِ پارلیمنٹ جس آتھوال (Jas Athwal MP) کی قیادت میں پارلیمنٹ کے کمیٹی روم میں منعقد ہو گی، جس میں ارکانِ پارلیمنٹ، بین الاقوامی مندوبین، کمیونٹی رہنما اور برطانوی سکھ نمائندگان کی بڑی تعداد شرکت کرے گی۔

(جاری ہے)

APPG گزشتہ دو دہائیوں سے سکھوں کے حقوق، نمائندگی، انصاف اور انسانی حقوق کے تحفظ کے لیے سرگرم عمل ہے۔اپنے اس دورے کے دوران وزیر اقلیتی امور، رمیش سنگھ اروڑہ، برطانیہ میں مقیم سکھ رہنماؤں سے ملاقاتیں کریں گے اور پاکستان کی جانب سے سکھ ورثے کے تحفظ، مذہبی سیاحت کے فروغ اور بین المذاہب ہم آہنگی کے لیے کیے جانے والے اقدامات سے انہیں آگاہ کریں گے۔ رمیش سنگھ اروڑہ کے اس دورے کا مقصد عالمی سکھ برادری کے ساتھ روابط مضبوط کرنا اور نوجوان نسل کو پاکستان میں اپنے مذہبی اور تاریخی ورثے سے جوڑنے کی ترغیب دینا ہے۔