سپریم کورٹ ،انصاف تک رسائی بہتر بنانے کیلئے دور دراز علاقوں تک ویڈیو لنک سہولت کا دائرہ بڑھا دیا

پیر 30 جون 2025 19:25

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 جون2025ء)انصاف تک رسائی بہتر بنانے ،عوامی مرکزیت پر مبنی اصلاحات کو اپنانے کی مسلسل کوششوں کے تحت سپریم کورٹ نے ویڈیو لنک سہولت کو ملک کے دور دراز علاقوں میں رہائش پذیر وکلا اور سائلین کیلئے توسیع دے دی ہے۔یہ سہولت سندھ ہائی کورٹ ڈویژن بینچ سکھر اور پشاور ہائی کورٹ کے چار بینچوںایبٹ آباد، مینگورہ (سوات)، بنوں اور ڈیرہ اسماعیل خان میں کامیابی سے قائم کر دی گئی ہے، یہ اہم اقدام سپریم کورٹ کے ایک جامع اور جدید ٹیکنالوجی سے مربوط عدالتی نظام کے عزم کا مظہر ہے۔

یہ سہولت دور دراز علاقوں سے وکلا اور سائلین کو طویل سفر کی زحمت سے بچاتے ہوئے سپریم کورٹ میں بذریعہ ویڈیو لنک پیش ہونے کے مواقع فراہم کرتی ہے، جس سے وقت اور وسائل کی قابلِ قدر بچت ممکن ہوتی ہے۔

(جاری ہے)

اس نظام کو مکمل طور پر فعال کر دیا گیا ہے اور وکلا کو ویڈیو لنک کے ذریعے مقدمات کی سماعت کیلئے درخواست دینے کی ترغیب دی جاتی ہے۔یہ اقدام سپریم کورٹ کے اس وسیع تر وژن کا حصہ ہے جس کے تحت عوامی مرکزیت کو فروغ دینے کیلئے انفارمیشن ٹیکنالوجی کو عدالتی نظام میں ضم کیا جا رہا ہے تاکہ یہ نظام زیادہ شفاف، فعال اور جوابدہ بنایا جا سکے۔

یہ سہولت عدالتی کارروائیوں کو جدید خطوط پر استوار کرتی ہے اور اس امر کو یقینی بناتی ہے کہ جغرافیائی رکاوٹیں کسی شہری کے لیے انصاف تک رسائی میں حائل نہ ہوں۔واضح رہے کہ یہ سہولت دیگر صوبوں کے دور دراز علاقوں تک بھی توسیع دی جائے گی اور اس سلسلے میں اقدامات جاری ہیں۔