Live Updates

iمخالفین تحریک انصاف کو توڑ نہیں سکتے، ظاہر شاہ طورو

پیر 30 جون 2025 22:30

۷پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 30 جون2025ء)وزیر خوراک خیبرپختونخوا ظاہر شاہ طورو نے مخصوص نشستوں کے حالیہ فیصلے پر شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ 26ویں آئینی ترمیم کے ثمرات اب فارم 47 والوں کی جھولی میں گرنے لگے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مخصوص نشستوں کے ذریعے مسلم لیگ (ن)، پیپلز پارٹی اور جے یو آئی کو نوازنا عوامی مینڈیٹ یعنی فارم 45 کے اصل نمائندوں پر کھلا ڈاکہ ہے۔

ظاہر شاہ طورو نے کہا کہ پسِ پردہ خاموش کھلاڑی ایک مرتبہ پھر فارم 47 کی بنائی گئی حکومت کو مضبوط بنانے اور مخصوص نشستوں کے ذریعے قومی اسمبلی میں اپنی مرضی کے اراکین لا کر 27ویں آئینی ترمیم کی راہ ہموار کر رہے ہیں۔ یہ عمل جمہوریت کو روزانہ کی بنیاد پر تختہ دار پر لٹکانے کے مترادف ہے، اور ایسے فیصلے تاریخ کے سیاہ اوراق میں درج کیے جائیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ خیبرپختونخوا میں پاکستان تحریک انصاف کے خلاف سازشوں کا ایک نیا باب کھول دیا گیا ہے، مگر ہم ان سازشوں کو کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ چاہے مخالفین کتنی ہی کوششیں کر لیں، وہ تحریک انصاف کو توڑ نہیں سکتے۔ظاہر شاہ طورو نے خبردار کیا کہ پاکستان تحریک انصاف کے پیٹرن ان چیف عمران خان جب چاہیں گے، خیبرپختونخوا میں پی ٹی آئی حکومت نہیں رہے گی۔ انہوں نے دوٹوک کہا کہ عمران خان کے بغیر کوئی مائی کا لعل خیبرپختونخوا حکومت کو گرا نہیں سکتا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات