تلنگانہ :کیمیکل فیکٹری میں دھماکا، 12ہلاک،متعددزخمی

پیر 30 جون 2025 22:50

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 جون2025ء) بھارتی ریاست تلنگانہ کے ضلع سنگاریڈی میں ایک کیمیکل فیکٹری میں خطرناک دھماکے سے کم از کم12 افرادہلاک اور متعددزخمی ہو گئے۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق یہ واقعہ سیگاچی انڈسٹریز نامی کیمیکل پلانٹ کے ری ایکٹر میں اس وقت پیش آیا،جب وہاںاچانک دھماکے کے بعد آگ بھڑک اٹھی۔ریسکیو حکام کے مطابق فیکٹری میں لگنے والی آگ پر قابو پانے کی کوششیں جاری ہیں، تاہم شعلوں کی شدت کے باعث فائر بریگیڈ کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

(جاری ہے)

واضح ر ہے کہ بھارت میں صنعتی حفاظتی اقدامات کی کمی کے باعث فیکٹریوں میں حادثات معمول بن چکے ہیں۔ انٹرنیشنل لیبر آرگنائزیشن کے مطابق 2003میں بھارت میں صنعتی حادثات سے 47ہزار سے زائد ہلاکتیں ریکارڈ کی گئیں تاہم ماہرین کا کہنا ہے کہ حادثات میں ہلاک ہونیوالے صنعتی کارکنوں کی اصل تعداداس سے کہیں زیادہ ہو سکتی ہے۔ 1984میں مدھیہ پردیش کے شہر بھوپال میں یونین کاربائیڈ کی فیکٹری سے زہریلی گیس کے اخراج نے 15ہزار سے زائدافراد ہلاک ہو گئے تھے ، جو تاریخ کا بدترین صنعتی سانحہ سمجھا جاتا ہے۔